حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے بدھ کو بطور وفاقی وزیر قانون و انصاف کے حلف اُٹھایا۔
صدر آصف علی زرداری نے اُن سے عہدے کا حلف لیا۔ ایوان صدر میں ہونے والی اس خصوصی تقریب میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور چیئرمین سینیٹ فاروق نائیک سمیت وفاقی وزراء اور اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔
گذشتہ ہفتے بابر اعوان نے وفاقی وزارت قانون کا قلمدان چھوڑ کر پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینے کے عدالتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر صدارتی ریفرنس میں حکومت کی طرف سے مقدمے کی پیروی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔