رسائی کے لنکس

خیبرپختونخواہ: فائرنگ سے مقامی سیاسی رہنما ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مقتول جامعہ حقانیہ سے فارغ التحصیل تھے اور ضلع ہنگو میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے نائب امیر تھے۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں اتوار کی صبح نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے مذہبی و سیاسی جماعت جمعیت علماء اسلام (ف) کے مقامی رہنما کو ہلاک کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق ضلع ہنگو کے علاقے تورہ غنڈئی میں مولانا شیر عالم فاروقی گھر سے اپنے مدرسے جانے کے لیے نکلے کہ ان پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔

گولیاں لگنے سے مولانا فاروقی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔

مقتول جامعہ حقانیہ سے فارغ التحصیل تھے اور ضلع ہنگو میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے نائب امیر تھے۔

ان کی جماعت نے اپنے مقامی رہنما کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

تاحال اس واقعے کی ذمہ داری کسی فرد یا گروہ نے قبول نہیں کی ہے لیکن ہنگو سمیت صوبہ خیبر پختونخواہ میں اس سے پہلے بھی ہدف بنا کر قتل کرنے کی وارداتیں ہوتی رہی ہیں جن میں حالیہ مہینوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

گزشتہ سال عام انتخابات میں آزاد حیثیت میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہو کر بعد میں صوبے میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے فرید خان کو بھی ہنگو کے علاقے میں ہدف بنا کر قتل کیا جا چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG