خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سکھ برداری سے تعلق رکھنے والا ایک مقامی تاجر ہرجیت سنگھ ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کو نوتھیا کے علاقے میں موٹر سائیکل پر سوار نا معلوم افراد نے ہرجیت سنگھ پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
اطلاعات کے مطابق ہرجیت سنگھ جڑی بوٹیوں سے تیار کی گئی ادویات کی دکان چلاتے تھے۔
حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے اور کسی گروپ نے اس قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
گزشتہ ماہ بھی پشاور کی ایک مرکزی مارکیٹ میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی جس سے اُن کا ایک ساتھی ہلاک جب کہ تین زخمی ہو گئے تھے۔
اس حملے کے بعد سکھ برداری نے احتجاج کرتے ہوئے شہر کی ایک اہم سڑک کو کچھ دیر کے لیے بند کر دیا تھا اور حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ نا صرف اس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے گا بلکہ سکھ برداری سے تعلق رکھنے والوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے۔