رسائی کے لنکس

کرم ایجنسی :افسر سمیت تین اہلکار ہلاک


کرم ایجنسی :افسر سمیت تین اہلکار ہلاک
کرم ایجنسی :افسر سمیت تین اہلکار ہلاک

افغانستان سے ملحقہ قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں ہفتہ کو شدت پسندوں نے سیکورٹی فورسز کے ایک قافلے کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا۔ جس میں حکام کے مطابق ایک افسر سمیت 3 اہلکار ہلاک جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔

حکام نے بتایا کہ سیکورٹی اہلکار گاؤں گدسرائی میں عسکریت پسندوں کے خلاف جاری کارروائی کے سلسلے میں پیش قدمی کر رہے تھے۔

اس واقعے کے بعد وہاں تعینات سیکورٹی فورسز نے مشتبہ شدت پسندوں کی تلاش کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ حکام کے بقول شدت پسندوں نے فوجی کارروائی کو ناکام بنانے کے لیے علاقے میں بارودی سرنگیں بھی بچھا رکھی ہیں۔

دریں اثناء کرم ایجنسی سے ملحقہ اورکزئی ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کارروائی جاری ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ دو روز میں 30 سے زائد جنگجو مارے جا چکے ہیں۔

جمہ کو اپر اورکزئی کے علاقے خدزئی میں شدت پسندوں نے سیکورٹی فورسز کے ایک قافلے کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا تھا جس میں ایک اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کے بعد علاقے میں موجود شدت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا آغاز ہوا۔ اس دوردراز قبائلی علاقے میں دو دنوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں اور توپ خانے کی مدد سے شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا ہے۔

علاقے میں ذرائع ابلاغ کی محدود رسائی کے باعث لڑائی میں ہونے والے جانی نقصان کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

XS
SM
MD
LG