رسائی کے لنکس

اورکزئی: جھڑپوں میں 30 جنگجو ہلاک


اورکزئی: جھڑپوں میں 30 جنگجو ہلاک
اورکزئی: جھڑپوں میں 30 جنگجو ہلاک

پاکستان کے ایک شمال مغربی قبائلی علاقے میں ہونے والی تازہ لڑائی میں حکام نے کم ازکم 30 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کی اطلاع دیتے ہوئےان جھڑپوں میں 18 سکیورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق بھی کی ہے۔

مقامی حکام نے بتایا ہے کہ اورکزئی ایجنسی کے کاگو قمرنامی علاقے میں ہونے والی جھڑپیں اُس وقت شروع ہوئیں جب نیم فوجی فورس ’فرنٹیئر کور‘ کے پیش قدمی کرنے والے ایک دستے پر جدید اور بھاری ہتھیاروں سے مسلح عسکریت پسندوں نے گھات لگا کرحملہ کردیا۔

اس اچانک کارروائی میں 18 اہلکار زخمی ہوگئے جن میں ایک میجر بھی شامل ہے۔ زخمی فوجیوں کو پشاور اور کوہاٹ کے سی ایم ایچ اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ حملے کی زد میں آنے والے فوجیوں کی مدد کے لیے فوری طور پرگن شپ ہیلی کاپٹروں اور بھاری توپ خانے کو روانہ کیا گیا جنہوں نے جوابی کارروائی کر کے 30 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور اُن کے پانچ ٹھکانے تباہ کردیے۔

اپر اورکزئی اور اس سے ملحقہ کرم ایجنسی میں پاکستانی سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید جھڑپوں میں کم ازکم 80 جنگجو ہلاک چکے ہیں۔ حکام نے لڑائی میں اب تک چار فوجی اہلکاروں کی ہلاکت جبکہ چالیس سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

XS
SM
MD
LG