رسائی کے لنکس

اورکزئی: کوئلے کی کان میں دھماکا، سات مزدور ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

حادثہ لوئر اورکزئی میں ڈولی کے علاقے میں پیش آیا جہاں گیس بھرنے سے دھماکا ہوا اور کان کی چھت بیٹھ گئی۔

پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں کوئلے کی ایک کان میں دھماکے سے سات کان کن ہلاک ہو گئے۔

قبائلی انتظامیہ میں شامل عہدیداروں نے بتایا کہ یہ حادثہ لوئر اور کزئی میں ڈولی کے علاقے میں میں پیش آیا جہاں گیس بھرنے سے دھماکا ہوا اور کان کی چھت بیٹھ گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کی شب پیش آنے والے اس حادثے کے بعد قریبی ضلع ہنگو سے بھی امدادی ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئیں اور پیر کی صبح ساتوں کان کنوں کی لاشوں کو نکال لیا گیا۔

کوئلہ کی کان میں دب کر ہلاک ہونے والے مزدوروں کا تعلق صوبہ خیبر پختونخواہ کے پہاڑی ضلع شانگلہ سے بتایا جاتا ہے۔

اورکزئی میں کوئلے کی کانوں میں پہلے بھی مہلک حادثے پیش آتے رہے ہیں۔

پاکستان میں سب سے زیادہ کوئلے کی کانیں صوبہ بلوچستان میں ہیں۔ اس صوبے کے چیف انسپکٹر مائینز افتخار احمد خان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں ایسے واقعات کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ میتھین گیس بھر جانے کے باعث عموماً کوئلے کی کان میں دھماکا ہوتا ہے۔

کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ قدرتی معدنیات سے مالا مال پاکستان میں کانوں کے اندرکام کرنے والے مزدوروں کی تربیت میں کمی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے سامان کی عدم دستیابی کانوں میں کام کرنے کا ماحول انتہائی غیر محفوظ سمجھا جاتا ہے اور ہر سال بیسیوں افراد کانوں میں پیش آنے والے حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG