پاکستان کی پندرہویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے سلسلے میں ایوان میں نو منتخب ارکان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اسمبلی اجلاس شروع
پاکستان کی نئی قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا ہے۔ اجلاس کی صدارت گزشتہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کر رہے ہیں جو نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے۔
اجلاس کے آغاز پر قومی ترانہ بجایا گیا جس پر تمام ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔ بعد ازاں تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول پیش کی گئی۔
نو منتخب ارکان نے حلف اٹھالیا
پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد منتخب ہونے والی پندرہویں قومی اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے۔
اسمبلی کا افتتاحی اجلاس پیر کی صبح 10 بجے شروع ہوا جس میں سابق اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔
حلف برداری سے قبل ایوان کے نو منتخب ارکان خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے سے گپ شپ اور ملاقاتیں کرتے رہے۔
اس موقع پر ایوان میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ اور متوقع وزیرِ اعظم عمران خان نو منتخب ارکان کی توجہ کا خصوصی مرکز رہے اور نو منتخب ایوان کے ارکان کی بڑی تعداد ان کی نشست کے گرد جمع رہی۔
اجلاس کے دوران عمران خان کی نشست قائدِ ایوان کی نشست کے ساتھ رکھی گئی ہے۔
حلف برداری کے بعد نو منتخب ارکان 'رول آف ممبرز' پر دستخط کے لیے حروفِ تہجی کے اعتبار سے ا رہے ہیں اور دستخط کے بعد سردار ایاز صادق سے مصافحہ بھی کر رہے ہیں۔
سب سے پہلے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے حاضری رجسٹری پر دستخط کیے۔