سندھ اسمبلی کا اجلاس 15 اگست تک ملتوی
نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس 15 اگست تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی منگل کی صبح نو بجے سے سہ پہر تین بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے۔
کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال بھی منگل کو ہی ہوگی۔ کاغذاتِ نامزدگی منظور ہونے والے امیدوارواں کی فہرستیں منگل کی شام تک آویزاں کی جائیں گی جب کہ اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 15 اگست کو ہوگا۔
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 16 اگست تک ملتوی
پینسٹھ ارکان پر مشتمل بلوچستان اسمبلی کے 59 نومنتخب ارکان نے پیر کو اسمبلی رکنیت کا حلف اُٹھایا جس کے بعد اجلاس جمعرات تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
اسمبلی کے تین نومنتخب ارکان نے حلف نہیں لیا جن میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور سابق وزیرِ اعلیٰ نواب ثنا اللہ، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے احمد علی کہزاد شامل ہیں۔
نواب ثنا اللہ پیر کو اجلاس میں نہیں آئے۔ سردار اختر مینگل قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے اور انہوں نے پیر کو قومی اسمبلی کی رُکنیت کا حلف اُٹھایا۔ احمد علی کوہزاد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ان کی مبینہ دُہری شہریت کے باعث روک دیا گیا ہے۔
صوبائی اسمبلی کے ایک حلقے پی بی 35 پر اُمیدوار اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما نوابزادہ سراج رئیسانی کی ایک خودکش حملے میں ہلاکت کے باعث انتخابات ملتوی کردیے گئے تھے۔
صوبائی اسمبلی کے ایک اور حلقے پی بی 41 واشک کے نتائج انتخابی عمل میں مداخلت کے باعث جاری نہیں کیے گئے۔
الیکشن کمیشن نے اسمبلی میں خواتین کی 11 مختص نشستوں میں سے ایک پر اُمیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے دو، دو ارکان ہیں اور ایچ ڈی پی کے ایک رکن کی کامیابی کا نوٹیفکیشن دُہری شہریت کے باعث جاری نہیں کیا گیا۔
کمیشن کے مطابق یہ معاملہ وزارتِ داخلہ کے پاس زیرِ غور ہے جس کا فیصلہ ہونے تک خاتون رکنِ اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جائے گا۔
نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد اسمبلی کا اجلاس 16 اگست تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ آئندہ اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے بعد وائس آف امریکہ کے نمائندے محمد عاطف نے نومنتخب ارکان سے بات چیت کی۔
پاکستان تحریکِ انصاف نے بلوچستان سے نومنتخب رکن قاسم سوری کو قومی اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
قاسم سوری نے اپنی نامزدگی کا اعلان خود ہی پیر کو اسلام آباد میں بنی گالہ میں ہونے والے ایک اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے نامزد امیدوار اسد قیصر بھی موجود تھے۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 15 اگست کو ہوگا۔