پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز پیر سے شروع ہو رہی ہے۔ سیریز میں تین میچز کھیلے جائیں گے ۔ پیر کا میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔
ون ڈے سیزیز دو حوالوں سے اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے ۔ اول یہ کہ پاکستان ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ ہو چکا ہے۔ تاہم ٹی 20 سیز یز سے پاکستان کے کم بیک کرنے کے چانسز ہیں۔
دوسری وجہ یہ ہے کہ چونکہ ٹیم کیپٹن سرفراز احمد ٹی 20 فارمیٹ کے اب تک ہونے والے تمام میچز میں کامیاب رہے ہیں۔ لہذا دورہ نیوزی لینڈ سے مایوس کرکٹ فینز کے لئے ٹی ٹوئنٹی سیریز یا کم ازکم دو میچوں میں فتح نہایت خوشی کا باعث ہو گی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 15 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں۔ ان میں سے پاکستان نے 8 جیتے اور 7ہارے ہیں۔
پاکستان ٹی 20 عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ دوسرے نمبر پر۔ لہذا اس حوالے سے بھی دونوں کے لئے اس ٹی 20 سیریز میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی ’جنگ ‘ متوقع ہے۔
پاکستان کے لئے اس سیریز کا کم از کم ایک میچ جیتنا تو لازمی ہے۔ ورنہ اس کی عالمی پوزیشن گر جائے گی حالانکہ صرف 21دن پہلے جب نیا سال شروع ہوا تھا پاکستان پہلی پوزیشن پر تھا لیکن نیوزی لینڈ نے عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیزکو ہرا کر ون ڈے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی اور پاکستان کو ہی اس کا سب زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔
ویلنگٹن کے بعد دوسرا ٹی ٹوئنٹی جمعرات کو آکلینڈ اور تیسرا اتوار 28 جنوری کو وانگیری میں کھیلا جائے گا۔