پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے بدھ کو پٹرولیم مصنوعات میں قابل ذکر کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے فوائد کسی ایک طبقے کی بجائے عام آدمی کو حاصل ہوں گے۔
وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔
پاکستان میں ماہانہ بنیادوں پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔
یکم جنوری 2015ء سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 25 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں سات روپے 86 پیسے ہائی اوکٹین 14 روپے 14 پیسے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے 26 پیسے کمی کی گئی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے جہاں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی ہوتی ہے وہیں سامان کی نقل و حرکت کے اخراجات اور پیداواری لاگت میں بھی کمی کی توقع ہوتی ہے۔ لیکن پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود اس کے ثمرات غریب عوام تک نہ پہنچنے کی شکایات منظر عام پر آ تی رہی ہیں۔
حالیہ برسوں میں پٹرولیم مصنوعات اپنی کم ترین قیمت پر پہنچی ہیں۔ عالمی منڈی میں بھی تیل کی قیمتوں میں قابل ذکر حد تک کمی دیکھی گئی ہے۔