پچھلے ایک عشرے سے پاکستانی معاشرہ نئے نئے تجربات سے گزررہا ہے۔ دس سال سے زیادہ پرانی بات نہیں ہے جب خواتین سرعام انڈر گارمنٹس خریدنامعیوب سمجھتی تھیں۔ ان کی خریداری زیادہ تر ان کے شوہروں کا ذمہ ہوا کرتی تھی یا پھر ایسے وقت خواتین دکانوں سے انڈر گارمنٹس خریدتی تھی جبکہ نسبتاً مارکیٹ میں کم رش ہوتا تھا ۔
انڈر گارمنٹس کی خریداری کا ایک پرانا طریقہ یہ بھی تھا کہ خواتین نقاب والا برقع اوڑھ کرمارکیٹ جایا کرتی تھیں ، مخصو ص اوقات میں ، مخصوص دکانوں پر ۔۔۔تاکہ نہ انہیں شرم یا ججھک محسو س ہو اور نہ ہی چہرے کے تاثرات پر کوئی نظر رکھ سکے۔پھر دکاندار بھی ان گارمنٹس کی نمائش نہیں کیا کرتے تھے بلکہ مانگنے پر بہت ہی ڈھکے چھپے انداز میں کاغذکی تھیلیوں میں لپیٹ کردیا کرتے تھے۔۔۔ مگر۔۔ وقت بدلنے کے ساتھ ساتھ یہ رجحان بھی بدل گیا ہے۔
اب مارکیٹیا بڑی دکانوں کی بات تو چھوڑ ہی دیجئے ٹھیلوں اور تھڑوں پر بھی کھلے عام انڈرگارمنٹس کی خریداری جاری ہے۔جمعہ بازار کا کونا ہو یا منگل بازار کا میدان ۔۔اب نہ ان گارمنٹس کی خریداری پر کوئی جھجک باقی رہی نہ اب دکانداروں کوانہیں چھپانا پڑتا ہے ۔
زمانے کے ساتھ ہم قدم ہوتے ہوئے اب بات ایک قدم اور آگے بڑھ گئی ہے۔ پاکستان میں اب انڈر گارمنٹس آن لائن فروخت ہونے لگے ہیں۔ خواتین کیلئے انڈر گارمنٹس تیار کرنے والی ملکی کمپنیوں نے رسائل و جرائد کے ذریعے اپنی ویب سائٹ کی تشہیر شروع کردی ہے ۔ ان ویب سائٹس کے ذریعے خواتین بلا ججھک اپنی پسند، کوالٹی ، میچنگ اوررینج کے مطابق اپنے لئے انڈر گارمنٹس منتخب کرسکتی ہیں۔
کراچی کے الٹرا ماڈرن گھرانے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نیہانے بتایا'میں سمجھتی ہوں کہ آن لائن فروخت نے مسئلہ ہی حل کرڈالا۔ کم از کم سڑکوں پر خریداری کرتے اور سائز بتاتے جو شرم محسوس ہوتی تھی یا 'بے پردگی 'کا اعتمال ہوتا تھا وہ ختم ہوگیا۔ اب خواتین گھر پر ہی اپنی ضرورت کے مطابق گارمنٹس سلیکٹ کرسکیں گی۔ "
ای کامرس پر گہری نظر رکھنے والے کراچی کے شہری صارم بشار کا کہنا ہے :انڈر گارمنٹس کی آن لائن فروخت ای کامرس میں انقلاب کی نوید ہے۔ گو کہ ابھی یہ نہایت چھوٹے پیمانے پر ہے مگر جس تیزی سے پاکستان میں انٹرنیٹ یوزرز کی تعداد دن دگنی اور رات چوگنی رفتار سے بڑھ رہے ہیں اسے دیکھتے ہوئے اسے ای کامرس میں انقلاب سے تعبیر کیا جاسکتا ہی"
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج زیادہ تر کمپنیاں اپنا سامان انٹرنیٹ اور موبائل فون پر تشہیر کے ذریعے فروخت کرنے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ہر طرح کی مصنوعات نیٹ کے ذریعے بیچی جارہی ہیں۔ایک زمانہ تھاجب خواتین انڈر گارمنٹس صرف راز داری کے ساتھ ہی خریدتی تھیں مگر اب اسے ای کامرس کہیں یا آئی ٹی انقلاب، اس نے بہت سے مسائل حل کردیئے ہیں۔