انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کرکٹ ٹیموں کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستان نے ایک درجہ ترقی پا کر چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرنے والی پاکستان ٹیم سیریز سے قبل آئی سی سی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر تھی۔
مہمان ٹیم کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان ٹیم نے بھارت کو پانچویں پوزیشن پر دکھیلتے ہوئے چوتھی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔
آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان اس وقت 106 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جب کہ بھارت کے 105 پوائنٹس ہیں۔
پاکستان نے حالیہ عرصے کے دوران ون ڈے کرکٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مسلسل فتوحات حاصل کی ہیں۔گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز سے قبل آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کو تین، تین ون ڈے سیریز میں دو ایک کے مارجن سے شکست دی تھی۔
آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ کے مطابق اس وقت نیوزی لینڈ 125 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ 124 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا 107 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔