رسائی کے لنکس

دہری شہریت والے ارکان کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا اعلان


گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ آف پاکستان نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 11 ارکان کو نااہل قرار دے دیا تھا

دہری شہریت رکھنے والے پاکستانی ایوانوں کے گیارہ اراکین کا قصہ نمٹ گیا۔ یہاں تک کہ ان کی جانب سے خالی کی جانے والی نشستوں پر بھی نئے انتخابات کا اعلان کردیا گیا ہے۔

بدھ کے روز الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 8 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق تمام نشستوں پر پولنگ 17 نومبر کو ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی 8 اور 9 اکتوبر کو جمع کرائے جاسکیں گے جن کی جانچ پڑتال 10 اور 11 اکتوبر کو ہوگی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 20ا کتوبر کو جاری ہو گی۔

گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ آف پاکستان نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 11ارکان کونااہل قرار دے دیا تھا۔ یہ تمام افراد پاکستان کے ساتھ ساتھ دوسرے ممالک کی شہریت بھی رکھتے تھے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرارد یا تھا کہ کسی اور ملک سے وفاداری کا حلف اٹھانے والا پاکستان کے ساتھ کسی طرح مخلص نہیں ہوسکتا۔

نااہل قرار دیئے جانے والوں میں قومی اسمبلی کے 4، پنجاب اسمبلی کے 5 اور سندھ اسمبلی کے 2 ارکان شامل ہیں۔ ان میں سے قومی اسمبلی، سندھ اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کی ایک ایک رکن ،خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہوئی تھیں جبکہ قومی اسمبلی کے 3، پنجاب اسمبلی کے 4 اور سندھ اسمبلی کے ایک رکن کا انتخاب عام نشستوں پر ہوا تھا۔

جن حلقوں میں 17نومبر کو پولنگ ہوگی ان میں قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 107 گجرات، این اے 162 ساہیوال، این اے 245 کراچی، پنجاب اسمبلی کا حلقہ پی پی 26 جہلم، پی پی 92 گوجرانوالہ، پی پی 122 سیالکوٹ، پی پی 144 لاہور جبکہ سندھ اسمبلی کا حلقہ پی ایس21 نوشہرو فیروز شامل ہیں۔
XS
SM
MD
LG