رسائی کے لنکس

'شہباز شریف مسلم لیگ ن کی صدارت کے لیے موزوں ترین'


شہباز شریف (فائل فوٹو)
شہباز شریف (فائل فوٹو)

عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد سیاسی جماعت کی صدارت سے بھی نواز شریف کے نااہل ہونے کے بعد حکمران جماعت مسلم لیگ ن کی طرف سے اپنے نئے سربراہ کے نام کا اعلان منگل کو متوقع ہے۔

پیر کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کی وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے بتایا کہ جماعت کی مرکزی مجلس عاملہ اور مرکزی ورکنگ پارٹی کا اجلاس منگل کو ہو گا جس میں نئے صدر کے انتخاب پر مشاورت کی جائے گی۔

تاہم ان کے بقول مسلم لیگ ن کی صدارت کے لیے موزوں ترین امیدوار پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف ہیں۔

"کل مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہے جس میں مشاورت کے بعد نواز شریف اس کا اعلان کریں گے لیکن موزوں ترین شہباز شریف ہیں، ان کی کارکردگی کو دیکھ لیں۔۔۔یہ فیصلہ کل پارٹی کی میٹنگ میں ہو گا۔ اس سے قبل کوئی بات کرنا درست نہیں اور جو بھی جماعت کے لیے ٹھیک ہو گا اس پر مشاورت ہو گی۔"

گزشتہ جولائی میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے نتیجے میں نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب اور پارٹی کی صدارت سے علیحدہ ہونا پڑا تھا اور اس وقت بھی یہی کہا جا رہا تھا کہ ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف ہی اس جماعت کے نئے سربراہ منتخب ہو سکتے ہیں۔

لیکن پھر ایک آئینی ترمیم کے ذریعے نواز شریف کو پارٹی کا دوبارہ سربراہ بننے کی راہ ہموار ہوئی اور وہ مسلم لیگ ن کے صدر منتخب ہو گئے۔

تاہم اس آئینی ترمیم کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا گیا تھا جس پر رواں ماہ ہی سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت عوامی عہدے کے لیے نا اہل قرار دی گئی شخصیت سیاسی جماعت کا عہدہ بھی نہیں رکھ سکتی جس کے بعد مسلم لیگ ن کی صدارت کا منصب ایک بار پھر خالی ہو گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG