حکمران پیپلز پارٹی نے پارلیمان کی خود مختاری اور آئین و قانون کی بالادستی قائم رکھنے کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ان اصولوں کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔
اس عزم کا اظہار صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت جمعہ کو جماعت کے سینیئر رہنماؤں اور بعض وفاقی وزراء کے اجلاس میں کیا گیا۔
ایوان صدر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ پارلیمان سب سے مقدم ادارہ ہے اور تمام دیگر ریاستی ادارے اس کو جواب دہ ہیں۔
’’پیپلز پارٹی اس اصول پر یقین رکھتی ہے اور اس پر قائم رہے گی کہ طاقت کا منبہ عوام ہے اور اس کے علاوہ کوئی نہیں۔‘‘
سرکاری بیان میں صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اجلاس تقریباً دو گھنٹے جاری رہا جس میں مجموعی سیاسی صورت حال بالخصوص حالیہ دنوں میں رونما ہونے والے واقعات کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم گیلانی نے شرکاء کو مفصل بریفنگ بھی دی۔
شرکاء نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں کو کسی اور کے دائرہ اختیار میں مداخلت کیے بغیر آئین کے مطابق اپنے اختیارات میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔
صدارتی ترجمان نے کہا کہ شرکاء نے صدر زرداری اور وزیراعظم گیلانی پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔
ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس میں 27 دسمبر کو پارٹی کی مقتول رہنماء بے نظیر بھٹو کی چوتھی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسے اور دیگر انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔