پاکستان کی آبادی کا 38.8 فیصد حصہ شدید غربت کی زندگی گزار رہا ہے جس کا مطلب ہے کہ ہر دس میں سے چار افراد اس زمرے میں آتے ہیں۔
یہ بات سرکاری طور پر پہلی مرتبہ غربت سے متعلق کثیر الجہت رپورٹ میں بتائی گئی جس کے اجراء کے موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس کی تیاری میں صرف آمدن کو ہی نہیں بلکہ صحت اور تعلیم تک عدم رسائی جیسے عوامل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
جون 2013ء میں اقتدار میں آنے والی مسلم لیگ ن کی حکومت کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے، اقتصادی ترقی کی شرح کو بڑھانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے سمیت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے اقدام کیے گئے ہیں۔
لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ غربت کے خاتمے کے لیے اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ہی غربت کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
سابق مشیر خزانہ اور اقتصادی امور کے ماہر سلمان شاہ نے منگل کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ یہ اعدادوشمار باعث تشویش ہیں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے ہی لوگوں میں خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے جس کے لیے اقتصادی ترقی بہت اہم ہے۔
"اصل چیز تو لوگوں کی خوشحالی ہے جب وہ نہ آئے تو غیر ملکی سرمایہ کاری کا کیا فائدہ۔ اکنامک سروے میں اور بجٹ میں بھی بتایا گیا کہ اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل نہیں ہوئے۔ جب تک اقتصادی ترقی نہیں ہوگی تو روزگار کے مواقع پیدا نہیں ہوں گے اور غربت براہ راست روزگار کے مواقع سے جڑی ہوئی ہے اگر آپ کے پاس پائیدار نوکری ہے یا کوئی مہارت ہے جس سے آپ اپنے خاندان کی ضروریات پوری کر سکتے ہیں تو پھر ہی غربت میں کمی آتی ہے۔"
وفاقی وزیر احسن اقبال نے صحافیوں سے گفتگو میں رپورٹ کے اعدادوشمار کو پالیسی سازی کے لیے معاون قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھیں تمام علاقوں میں وسائل اور ترقی کو مساوی طور پر تقسیم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
"جس سے تحفظ اور وقار پیدا ہوتا ہے وہ تمام اشاریے اس رپورٹ میں ہیں اس کے ذریعے پاکستان کے ہر ضلع کا غربت کا اسکور کارڈ سامنے آ رہا ہے جس سے ہمیں یہ پتا لگانے میں مدد ملے گی کہ پاکستان کے کون سے اضلاع ہیں جو پسماندہ ترین ہیں لہذا ہم صوبوں کے اندر فیصلہ کرنے والے جو ہیں ان کی ذمہ داری ہوگی ان کا احتساب ہو گا کہ وہ ان علاقوں پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ ترقی ناہمواری کے ساتھ نہیں ہو سکتی۔"
اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ بلوچستان میں غربت کی شرح سب سے زیادہ ہے جس کے بعد شمال مغرب میں قبائلی علاقوں کا نمبر ہے۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ بنیادی تعلیم اور صحت تک رسائی غربت میں کمی کے لیے بہت ضروری ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ان دونوں شعبوں میں مجموعی قومی پیداوار کا بہت ہی کم حصہ مختص کیا جاتا رہا ہے لیکن حالیہ برسوں میں ان میں ماضی کی نسبت بتدریج اضافہ دیکھا گیا ہے۔