رسائی کے لنکس

مبینہ بھارتی جاسوس کے اعترافی بیان کی ویڈیو جاری


پاکستانی فوج کے ترجمان وفاقی وزیر اطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں
پاکستانی فوج کے ترجمان وفاقی وزیر اطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں

ویڈیو میں کلبھوشن نے اعتراف کیا کہ وہ ’را‘ کے لیے کام کرتے ہیں اور بلوچستان آنے سے قبل وہ ایران کے سدحدی علاقے چابہار میں موجود تھے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان لفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ایک نیوز کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان سے گرفتار کیے گئے بھارتی شہری کلبھوشن یادیو کا تعلق بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسی ’را‘ ہی سے ہے۔

منگل کو اسلام آباد میں منعقدہ ایک نیوز کانفرنس میں گرفتار کیے گئے بھارتی شہری کلبھوشن کی ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ پاکستانی حکام کے مطابق کلبھوشن یادیو نے یہ ویڈیو رضا کارانہ طور پر ریکارڈ کروائی۔

لیکن آزاد ذرائع سے یہ واضح نہیں کہ آیا کلبھوشن نے کسی دباؤ کے تحت یہ ویڈیو ریکارڈ کروائی یا نہیں۔

ویڈیو میں کلبھوشن نے اعتراف کیا کہ وہ ’را‘ کے لیے کام کرتے ہیں اور بلوچستان آنے سے قبل وہ ایران کے سدحدی علاقے چابہار میں موجود تھے۔

اُنھوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ بلوچ علیحدگی پسندوں سے رابطے میں تھے۔

واضح رہے کہ اپنے شہری کی گرفتاری کے بعد بھارت کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا کہ کلبھوشن نے بھارتی بحریہ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور اُس کے بعد سے اُن کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔

بھارتی وزرات خارجہ کی طرف سے اس گرفتار شخص تک سفارتی رسائی کے لیے حکومت پاکستان سے رابطہ کیا گیا تھا تاہم تاحال اس بارے میں پاکستان کی جانب سے کچھ نہیں کہا گیا۔

پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ کسی دوسرے ملک کے حاضر سروس انٹیلی جنس افسر کی گرفتاری بہت بڑی کامیابی ہے۔

XS
SM
MD
LG