رسائی کے لنکس

پاکستان اور مشرق وسطیٰ کے اکثر ممالک میں رمضان کا چاند نظر آ گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے اکثر ممالک میں ماہ رمضان کا چاند نظر آ گیا ہے اور پہلا روزہ 23 مارچ کو ہو گا۔

چاند نظر آنے کا اعلان پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کیا۔ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال پشاور میں چیئرمین مولانا عبدالخیبر آزاد کی زیر صدارت ہوا جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور،کراچی، اسلام آباد اور کوئٹہ میں ہوئے۔

اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان نے کہا کہ پاکستان کے اکثر اور بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا اور کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مختلف مقامات سے ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن میں بہاولپور، رحیم یار خان، صوابی، قلعہ سیف اللہ، مردان اور دیگر علاقے شامل ہیں ۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم رمضان المبارک 1444ہجری 23 مارچ 2023 بروز جمعرات کو ہو گا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہا اور اس دوران ملک کے مختلف علاقوں سے شہادتیں موصول ہوتی رہیں اور ان تمام شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد رات 10 بجے کے بعد چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا۔

رمضان المبارک کے آغاز پر امریکی وزیر خارجہ بلنکن کا پیغام

امریکی مسلمانوں کے لیے رمضان المبارک کے اپنے پیغام میں امریکی وزیرِ خارجہ انٹنی بلنکن نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ رمضان کا یہ مقدس مہینہ سب کے لیے پر امن رہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹںی بلنکن، فائل فوٹو
امریکی وزیر خارجہ انٹںی بلنکن، فائل فوٹو

انہوں نے کہا، ’’یہاں امریکہ اور بیرون ملک کے مسلمانوں کے لیے، رمضان دعا اور غور و فکر کا ایک مقدس عرصہ ہے جو خاندان اور کمیونٹی کے ساتھ مل کر گزارا جاتا ہے جس میں ہمدردی اور کھلے دل سے ان کو یاد رکھنا اور ان کی مدد کرنا بھ شامل ہے جو کم حیثیت ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا، ’’یہ وقت ہے کہ ہم، ضرورت مندوں کی جن میں غربت سے متاثرہ، ظلم و ستم، تنازعات اور قدرتی آفات کے شکار لوگ شامل ہیں، مدد کی اپنی اجتماعی ذمہ داری پوری کریں ۔ دنیا بھر کے مسلمان بھی اس مہینے میں اپنی کمیونیٹیز کی خدمت کریں گے‘‘۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا،’’ اسی جذبے کے تحت، بیرون ملک ہمارے بہت سے سفارت خانے اور قونصل خانے ماہ رمضان کی خوبصورت روایات میں شریک ہونے کے لیے افطار اور دیگر تقریبات کی میزبانی کریں گے اور ہماری کمیونٹیز میں سماجی ہم آہنگی، شمولیت اور تنوع کو فروغ دینے کے لیے ہمارے عزم کا اظہار کریں گے۔ یہ گفتگو تمام لوگوں کے امن اور وقار کے لیے ہماری مشترکہ امید کی تائید کرتی ہے‘‘۔

XS
SM
MD
LG