پاکستان کے شمالی پہاڑی ضلع مانسہرہ میں ایک گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مانسہرہ میں یہ حادثہ جمعہ کو طلوع آفتاب سے کچھ دیر قبل پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق بیرون ملک سے اپنے ایک عزیز کو پشاور کے ہوائی اڈے سے واپس لے کر آنے والے خاندان کی گاڑی کو یہ حادثہ بالاکوٹ کے قریب ایک موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا۔
ہلاک ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔
جس علاقے میں یہ حادثہ پیش آیا وہاں راستہ انتہائی دشوار گزار ہے اور صبح کے وقت امدادی کاموں میں بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔
پاکستان کے پہاڑی اضلاع میں سڑکوں کی خستہ حالت، ڈرائیوروں کی لاپرواہی اور پرانی گاڑیاں ایسے حادثات کی عمومی وجہ بتائی جاتی ہیں۔