پاکستان میں بدھ کی صبح سڑک کے دو مختلف حادثات میں کم ازکم 14 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔
جنوبی صوبہ سندھ کے علاقے خیر پور کے قریب پنجاب سے کراچی جانے والی ایک بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس سے کم ازکم 14 افراد ہلاک ہو گئے۔
زخمی ہونے والے بیس سے زائد افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور بعض کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس اور امدادی کارکنوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا۔
اولڈ نیشنل ہائی وے کے اس حصے پر پہلے بھی کئی جان لیوا حادثات رونما ہو چکے ہیں۔
ادھر پنجاب کے علاقے پنڈی بھٹیاں کے قریب ایک فیکٹری کی بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی اور اس میں سوار 35 سے زائد خواتین زخمی ہو گئیں۔
بس فیکٹری کی خواتین ملازمین کو کام پر لے کر جا رہی تھی کہ لاہور روڈ پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور یہ الٹ گئی۔
زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
پاکستان میں سڑک کے حادثات کوئی غیر معمولی بات نہیں جس کی وجہ گاڑیوں اور سڑکوں کی خراب حالت اور غیر محتاط ڈرائیونگ بتائی جاتی ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال ٹریفک کے مختلف حادثات میں 16 ہزار سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔