علی رانا
وزیر خارجہ خواجہ آصف نے روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور مسلمانوں کی یہ حالت زار عالمی برداری کے ضمير کے لیے چیلنج ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں جب کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں سے تعاون کرتا رہے گا۔
خواجہ آصف نے او آئی سی کے فوری اور موثر ایکشن کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے او آئی سی کی قرار داد کی بھی حمایت کی ہے جب کہ اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان کمشن کی سفارشات پر عمل کیا جانا چاہیے۔
حال ہی میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق میانمار کے شمال مغربی علاقے میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں کے دوران 4 سو کے قریب روہنگیا مسلمانوں کو ہلاک کر د یا گیا۔
پاکستان میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل وغارت کی اطلاعات پر شديد رد عمل سامنے آ رہا ہے اور مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں نے اس حوالے سے احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔
ملک کی بڑی سیاسی مذہبی پارٹی جماعت اسلامی نے برما کے سفارت خانے کے باہر منگل کے روز احتجاج کا اعلان کیا ہے، جبکہ دیگر کئی جماعتوں نے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاج کی کال دی ہے
پاکستان پارلیمنٹ میں بھی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تحریک التوا جمع کروا دی گئی ہے اور پاکستانی سوشل میڈیا میں بھی اس حوالے سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔