رسائی کے لنکس

پاکستان:عید کی چوڑیوں کا دہکتی بھٹی سےکلائی تک کا سفر


 کراچی میں ایک مارکیٹ میں خواتین عید کے موقع پر چوڑیاں خریدتے ہوئے، فائل فوٹو
کراچی میں ایک مارکیٹ میں خواتین عید کے موقع پر چوڑیاں خریدتے ہوئے، فائل فوٹو

لڑکیاں اور خواتین عید پر چوڑیاں نہ پہنیں تو عید کی خوشی ادھوری رہ جاتی ہے۔ "چوڑیوں کو خواتین کے ہاتھوں تک پہنچانےکے لیے بہت سے ہاتھ دن رات محنت کرتے ہیں۔ " یہ کہنا تھا حید رآباد کی صائمہ بی بی کا جن کا خاندان چوڑی سازی کی صنعت سے وابستہ ہے۔"

کراچی کی ایک خاتون خانہ تسنیم نے ٹیلی فون پر وی او اے سےبات کرتے ہوئےکہا کہ ان کے خاندان میں کبھی ایسا نہیں ہوتا کہ گھر کی بچیاں اور خواتین خاص طور پر چاند رات پر چوڑیاں پہننے کے لیے مارکیٹ نہ جائیں۔

کلائیوں میں چھنکنے والی چوڑیاں بنتی کیسے ہیں؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:12 0:00

1947 میں برصغیر کی تقسیم کے بعد، نقل مکانی کرنے والے مسلمان جو بھارت کے شہر فیروز آباد میں چوڑیاں بناتے تھے اپنے فن کو حیدرآباد لے گئے جہاں لاکھوں لوگ اس صنعت پر انحصار کرتے ہیں۔

اس وقت پاکستان کا شہر حیدرآباد کانچ کی چوڑیوں کا گڑھ ہے، جہاں چوڑیاں تیار کرنے والی ایک بھٹی لوہے کی سلاخ کے گرد پگھلے ہوئے شیشے کے تار سے فی گھنٹہ 100 چوڑیاں تیار کر سکتی ہے۔

ایک ہی چوڑی بنانے میں ایک درجن سے زیادہ لوگ شامل ہو سکتے ہیں، جن میں گھسنے والی فیکٹریوں سے لے کر گھروں میں بیٹھ کر کام کرنے والے ڈیزائنرز تک شامل ہوتے ہیں، جو انہیں مہارت سے ہاتھ سے سجاتے ہیں۔

حیدر آباد میں ایک گھریلو چوڑی ورکشاپ میں ایک کارکن شیشے کی چوڑیوں پر ،ملمع سازی کررہا ہے ، فوٹو اے ایف پی 30 مارچ 2024
حیدر آباد میں ایک گھریلو چوڑی ورکشاپ میں ایک کارکن شیشے کی چوڑیوں پر ،ملمع سازی کررہا ہے ، فوٹو اے ایف پی 30 مارچ 2024

فیکٹریوں میں چوڑیاں تیار کرنے کا کام بہت مشکل اور دقت طلب ہوتا ہے -- مزدوروں کو غیر منظم فیکٹریوں میں انتہائی سخت درجہ حرارت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

حیدرا ٓباد کی ایک فیکٹری میں کام کرنے والے 24 سالہ سمیر نے اے ایف پی کو بتایا کہ " یہ کام پنکھے کے بغیر ہوتا ہے۔ اگر ہم پنکھا چلاتے ہیں تو آگ بجھ جاتی ہے۔ اس لیے گرمی کی شدت بہت زیادہ ہوتی ہے۔ جیسے جیسے یہ گرم ہوتا ہے ہمارا کام سست ہوجاتا ہے۔"

انہوں نے چوڑی سازی کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے علاقے میں بجلی بار بار چلی جاتی ہے ، جبکہ شیشے کے نازک دھاگے آسانی سے ٹوٹ سکتے ہیں۔

حیدرآباد میں گھر میں بنی ایک ورکشاپ میں ایک کارکن کانچ کی چوڑیوں کو سجاوٹی چیزوں سے آفاستہ کر رہا ہے، فوٹو اے ایف پی ، 30 مارچ 2024
حیدرآباد میں گھر میں بنی ایک ورکشاپ میں ایک کارکن کانچ کی چوڑیوں کو سجاوٹی چیزوں سے آفاستہ کر رہا ہے، فوٹو اے ایف پی ، 30 مارچ 2024

کچھ عرصہ قبل یونیسیف کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ تنگ گلیوں اور کچے مکانات میں گھنٹوں آگ کے بہت قریب یا چراغ کے لو کی گرمائش کے ساتھ بند پنکھوں میں بیٹھ کر گرمی اور حبس کے ماحول میں کام کرنے سے یا پھر میناکاری کے ذریعے کیمیکل کا مسلسل استعمال اور کٹائی کے دوران شیشے کے ذرات انگلیوں میں پیوست ہوجانےکے بعد علاج نہ ہونے پر چوڑی کی صنعت میں کام کرنے والے لوگ ٹی بی، دمہ ، نابینا پن یا پھر جوڑوں کے درد کی بیماری کا شکار ہو سکتے ہیں ۔

زیادہ تر چوڑیاں سادہ گول شکل میں گھروں میں چوڑی کی صنعت سے وابستہ خواتین کےپاس بھیج دی جاتی ہیں جو انہیں ڈیزائن کرنے سے لے کر موتیوں سے سجانے تک کاکام کرتی ہیں اور اپنی ہنر مندی سے ان چوڑیوں کو مارکیٹ تک پہنچنےسے پہلے چمک دمک اور خوبصورت شکل دیتی ہیں۔ عام طور پر گھر میں بنے ان چھوٹے چھوٹے ورکشاپس میں یہ کام فیملی مل کر کرتی ہے۔۔

حیدر آباد میں صائمہ بی بی اپنے گھر کی ورکشاپ میں اپنے بچوں کے ساتھ کانچ کی چوڑیوں کو سجاوٹی چیزوں سے آراستہ کر رہی ہیں ، فوٹو اے ایف پی ، 31 مارچ 2024
حیدر آباد میں صائمہ بی بی اپنے گھر کی ورکشاپ میں اپنے بچوں کے ساتھ کانچ کی چوڑیوں کو سجاوٹی چیزوں سے آراستہ کر رہی ہیں ، فوٹو اے ایف پی ، 31 مارچ 2024

صائمہ بی بی جو گھر سے کام کرتی ہیں اور اپنے تین بچوں کے ساتھ مل کر اس کے بعد چوڑیوں پر موتی سجاتی ہیں جب وہ اسکول سے واپس آجاتے ہیں ۔ جب کہ ان کے شوہر بھٹیوں پر چوڑی سازی کا کام کرتے ہیں۔

صائمہ نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان خوبصورت اور مختلف رنگوں سےچمکتے دمکتے ڈیزائنز سے آراستہ چوڑیوں کو خواتین کے ہاتھوں تک پہنچنے سے پہلے بہت سے ہنر مند ہاتھ انہیں وہ رنگ ، چمک دمک اور ڈیزائنز دینے کے لیے دن رات کام کرتے ہیں

42 سالہ طلعت زاہد چوڑیوں کو سجانے کے لیے حیدر آباد میں اپنے گھر میں بنے چوڑی ورکشاپ میں موتیوں، سلائیوں اور کڑھائی کا استعمال کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "فیشن کا رجحان کچھ بھی ہو، جب ہم کسی بھی تقریب میں شرکت کرتے ہیں اور کوئی بھی لباس پہنتے ہیں تو یہ چوڑیوں کے بغیر ادھورا محسوس ہوتا ہے۔ "

"یہاں تک کہ اگر آپ زیورات نہیں پہنتے لیکن اپنے لباس کے ساتھ چوڑیاں یا بریسلٹ پہنتے ہیں، تو لباس مکمل نظر آتا ہے۔"انہوں نے کہا۔

شیشے کی یہ چوڑیاں اکثر درجن کے حساب سے فروخت ہوتی ہیں، جو تقریباً ڈیڑھ سو روپے سے شروع ہوتی ہیں اور پتھر اور ریشم کے شامل ہونے پر ان کی قیمت 1,000 روپے تک بڑھ جاتی ہیں۔

حیدرا ٓباد میں ایک گھریلو چوڑی سازی کی ورکشاپ میں ایک کارکن کانچ کی چوڑیوں پر سجاوٹی چیزییں چڑھاتے ہوئے، فوتو اے ایف پی 30 مارچ 2024
حیدرا ٓباد میں ایک گھریلو چوڑی سازی کی ورکشاپ میں ایک کارکن کانچ کی چوڑیوں پر سجاوٹی چیزییں چڑھاتے ہوئے، فوتو اے ایف پی 30 مارچ 2024

ایک وقت تھا کہ جب پاکستان میں چوڑیاں پہنانے والی خواتین گھر گھر چا کر خواتین کو چوڑیاں فروخت کرتی تھیں ۔ بہت سے گھرانوں میں اپنی خواتین اور بچیوں کو مردوں سے چوڑیاں پہنانا معیوب سمجھا جاتا تھا اور ابھی تک کچھ گھرانوں میں اسے معیوب سمجھا جاتا ہے ۔

لیکن اب پاکستان بھر میں خواتین کی سہولت کےلیے ایسی دکانوں میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں خواتین ہی چوڑیاں فروخت کرتی ہیں اور ان دکانوں پر خواتین زیادہ سکون اور اطمعنان سے چوڑیوں کی خریداری کر سکتی ہیں۔

لاہور میں چوڑیوں کی ایک دکان پر خواتین چوڑیاں بیچ رہی ہیں ، فوٹو اےایف پی ، 7 اپریل 2024
لاہور میں چوڑیوں کی ایک دکان پر خواتین چوڑیاں بیچ رہی ہیں ، فوٹو اےایف پی ، 7 اپریل 2024

حکومت کی جانب سے سبسڈی میں کمی کے بعد گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے بہت سی فیکٹریوں کو بند کرنے یا کم اوقات میں کام کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

چاس سالہ محمد نفیس نے،جو حیدرآباد میں چوڑی سازی کی ایک فیکٹری کےمالک ہیں بتایا کہ ، "جس رفتار سے حکومت نے گیس کی قیمتوں اور ٹیکسوں میں اضافہ کیا ہے، ہمارے علاقے میں چوڑی سازی کا کام پھیلنے کے بجائے سکڑنا شروع ہو گیا ہے۔ "

اس رپورٹ کا مواد اے ایف پی سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG