رسائی کے لنکس

سرگودھا: اسپتال میں آٹھ نوزائیدہ بچے ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سرگودھا ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان ڈاکڑ سکندر حیات وڑائچ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں ان بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والے بچوں کی پیدائش گھروں اور پرائیویٹ اسپتالوں میں ہوئی تھی اور انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ایک اسپتال میں آٹھ نوزائیدہ بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔

ان نومود بچوں کی ہلاکتیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوئیں اور اسپتال کے عملے کے مطابق مزید پانچ بچوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

سرگودھا ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں ان بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والے بچوں کی پیدائش گھرو ں اور پرائیویٹ اسپتالوں میں ہوئی تھی اور انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان میں سے چار بچے ایسے تھے جن کی پیدائش گاؤں میں غیر تربیت یافتہ دائیوں کی نگرانی میں ہوئی۔

ڈاکڑ سکندر نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کی طرف سے کی گئی ابتدائی تحقیقات کے مطابق "ہلاک ہونے والے بچوں میں سے چھ ایسے تھے جن کا پیدائش کے وقت وزن کم تھا، پانچ وہ تھے جن کی پیدائش قبل از وقت ہوئی اور دو بچے ایسے تھے جن کو اسپتال میں اس وقت لایا گیا جب ان کی جسم میں انفیکشن پھیل گیا تھا"۔

انہوں نے کہا کہ ان بچوں کی ہلاکت میں طبی عملے کی سستی یا سہولیات کی کمی کی کوئی وجہ نطر نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ٹیجنگ اسپتال ہے اور یہاں پر بچوں کے علاج کی مناسب سہولیات موجود ہیں۔

ڈاکٹر سکندر نے کہا اس وقت اسپتال میں 51 بچے داخل ہیں، جن میں سے پانچ بچوں کی حالت تشویشناک ہے کیونکہ یہ بچے بھی کم وزن کے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال ’یونیسف‘ کے مطابق پاکستان میں ہر سال لگ بھگ ساڑھے سات لاکھ بچوں کی پیدائش قبل از وقت ہوتی ہے جس کی وجہ سے ان کا وزن کم رہ جاتے ہیں اور ان کی زندگیوں کو لاحق خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG