حکمران اتحاد میں شامل سیاسی جماعتوں کے سربراہان کا ایک اہم اجلاس ہفتہ کو صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔
ایوان صدر کی طرف سے جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے سربراہوں اور پارلیمانی رہنماؤں کے علاوہ خزانہ اور خارجہ امور کے وفاقی وزراء سمیت فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل راؤ قمر سلیمان اور آئی ایس آئی کے سربراہ احمد شجاع پاشا بھی شریک تھے۔
صدراتی ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بیان میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور فوج کے سربراہ جنرل کیانی نے شرکاء کو ملک کی سلامتی کی صورتحال اور خارجہ پالیسی سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔
حکومت کے اتحادیوں نے اس موقع پر اتفاق کیا کہ دوسرے ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی مفاد، احترام اور عوامی نمائندوں کی شمولیت سے شفافیت پر مبنی ہونے چاہئیں۔
اجلاس کے شرکا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور جاری کوششوں کو بھی سراہا۔