پاکستان کے سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ شکرگڑھ میں ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی "بلا اشتعال فائرنگ" سے پانچ عام پاکستانی شہری زخمی ہو گئے۔
سرکاری میڈیا نے پنجاب رینجرز کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتوار کو ہونے والی اس فائرنگ کے ردعمل میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی۔
تاہم بھارت کی طرف سے پنجاب رینجرز کے ترجمان کے بیان پر کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ورکنگ باؤنڈری اور کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر گزشتہ چند مہینوں کے دوران فائرنگ اور گولہ باری کے تبادلے کے واقعات پیش آ چکے ہیں جس میں دونوں طرف متعدد افراد ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ماہ کے اوائل میں پاکستان رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل اور بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس ’بی ایس ایف‘ کے سربراہ کے درمیان سرحدی کشیدگی کے معاملے پر نئی دہلی میں مذاکرات ہوئے تھے۔
اگرچہ ان مذاکرات میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈی پر فائر بندی معاہدے پر عمل درآمد پر اتفاق کیا تھا لیکن اس ملاقات کے بعد بھی ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
دونوں ہی ملک ایک دوسرے پر فائرنگ میں پہل کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں۔