بلوچستان سے سینیٹ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج جاری
پاکستان میں سینیٹ انتخابات کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بلوچستان سے سینیٹ کی 12 نشستوں کے نتائج سامنے آ گئے ہیں۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق بلوچستان کی سات جنرل نشستوں پر مولانا عبدالغفور حیدری، محمد عبدالقادر، محمد قاسم، پرنس احمد عمر احمد زئی، عمر فاروق، سرفراز بگٹی، منظور احمد کامیاب قرار پائے ہیں۔
ٹیکنو کریٹس کی نشستوں پر کامران مرتضٰی اور سید احمد ہاشمی جب کہ خواتین کی دو نشستوں پر ثمینہ ممتاز اور نسیمہ احسن جب کہ اقلیتوں کی نشست پر دنیش کمار کامیاب ہوئے ہیں۔
عمران خان کے پاس اب وزیرِ اعظم ہاؤس میں رہنے کا کوئی جواز نہیں: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست پر یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کو پی ڈی ایم کی بڑی فتح قرار دیا ہے۔
اپنی ایک ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ اب وزیرِ اعظم عمران خان کے پاس عہدے پر قائم رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ دباؤ کے باوجود اراکینِ اسمبلی نے جھکنے اور بکنے سے انکار کر دیا۔ اُن کے بقول یہ نواز شریف کے بیانیے کی بھی فتح ہے۔
یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر پاکستان میں سیاسی بھونچال
حکمراں جماعت کو دھچکہ، اسلام آباد سے یوسف رضا گیلانی کامیاب
پاکستان میں سینیٹ انتخابات کے لیے اسلام آباد کی نشست پر اپوزیشن جماعتوں کے اُمیدوار یوسف رضا گیلانی نے عبدالحفیظ شیخ کو اپ سیٹ شکست دے دی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے 169 جب کہ عبدالحفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 340 اراکینِ اسمبلی نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا جن میں سے سات اراکین کے ووٹ مسترد ہوئے۔
اسلام آباد سے خواتین کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد 174 ووٹ لے کر کامیاب ہوئی ہیں جب کہ اُن کی مدمقابل فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ حاصل کیے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کو چیلنج کیا جائے گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر ٹوئٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 'جمہوریت بہترین انتقام ہے۔'