پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اتوار کی رات ہونے والا واحد ٹی 20 میچ انگلینڈ نے 7 وکٹس سے جیت لیا۔ انگلینڈ کے تین کھلاڑی اچھا اسکور کرنے میں کامیاب رہے ۔ آج کے میچ کی فتح کا سہرا بھی انہی کے سر بندھا۔ یہ بیٹسمین ہیں ونسے، جوروٹ اور مارگن۔
پاکستان کی جانب سے ملنے والے 6 وکٹ کے نقصان پر 174 رنز کا ٹارگٹ حاصل کرنے میں انگلینڈ کے بیٹسمینوں کو کوئی پریشانی نہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے پہلے اوپنر ونسے نے 27 بالز پر 36 رنز بنائے مگر اس سے پہلے کہ وہ مزید رنز بناتے انہیں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے عماد وسیم کی بال پر وکٹ کے پیچھے کیچ کر لیا۔
دوسرے اوپنر بین ڈکٹ تھے لیکن وہ کوئی بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ وہ انفرادی طور پر 9 رنز ہی اسکور کر سکے تھے کہ شاہین شاہ آفریدی نے انہیں عماد وسیم کی بال پر کیچ آؤٹ کرا دیا۔
تیسرے نمبر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوروٹ تھے جنہوں نے 42 بالز پر 47 رنز اسکور کئے جس میں پانچ چوکے بھی شامل تھے۔
انہیں بھی سرفراز نے کیچ کیا مگر اس بار بالر حسن علی تھے۔ انگلینڈ کے لئے روٹ کی وکٹ سب سے کامیاب ثابت ہوئی۔ اگر وہ کچھ دیر اور کریز پر رہتے تو شاید انگلینڈ یہ میچ زیادہ وکٹس سے اور جلد جیت جاتا۔
آخری وکٹ کے طور پر مورگن اور ڈینلے نے بیٹنگ کی۔ مارگن نے 57 اور ڈینلے نے 20 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستانی اننگز:
اس سے قبل میچ کے آغاز پر پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کارڈف کی وکٹ پر ٹاس جیت کر پہلے اپنے بیٹسمینوں کا آزمانے فیصلہ کیا لیکن اوپنر فخرزمان کپتان کے فیصلے کا ساتھ نہ دے سکے اور اننگز کے دوسرے ہی اوور میں صرف 7 رنز بناکر ٹام کرین کا شکار بن گئے۔
ابھی مجموعی اسکور صرف 31 ہی ہوا تھا کہ نئے آنے والے بیٹسمین امام الحق بھی 7 رنز پر آرچر کی گیند پر وکٹ کیپر بین فوکس کو کیچ تھماکر پویلین لوٹ گئے۔
ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد بابراعظم کا ساتھ دینے کے لئے حارث سہیل میدان میں اُترے اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے انہوں نے نا صرف وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکا بلکہ تیزی سے رنز بھی اسکور کیے۔
اس دوران بابراعظم نے شاندار نصف سنچری مکمل کی جو ٹی 20 انٹرنیشنلز میں ان کی 10 ویں اور انگلینڈ کے خلاف پہلی نصف سنچری ہے۔ دونوں بیٹسمینوں نے تیسری وکٹ کی طویل شراکت میں 103 رنز بنائے۔
اسکور جب 134 ہوا تو حارث سہیل تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں آرچر کی گیند پر وِلی کو کیچ دے بیٹھے، وہ 36 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ٹی 20 انٹرنیشنلز میں یہ اُن کی پہلی نصف سنچری ہے۔
اسی اوور میں بابر اعظم بھی 65 کے اسکور پر غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 42 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چھکے اور پانچ چوکے لگائے۔
آصف علی کو صرف تین رنز پرجارڈن نے رن آؤٹ کیا، اُس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور139 رنز تھا۔
نئے آنے والے بیٹسمین فہیم اشرف اننگز کے آخری لمحات میں تیزی سے رنز بناتے ہوئے 10 گیندوں پر16 رنزکی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ عماد وسیم 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر173 رنز بنائے۔