رسائی کے لنکس

گلالئی اسماعیل کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم


سوشل میڈیا ایکٹوسٹ گلالئی اسماعیل، فائل فوٹو
سوشل میڈیا ایکٹوسٹ گلالئی اسماعیل، فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پختون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ گلالئی اسماعیل کا نام سفری پابندی کی فہرست (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے درخواست گزار کا ضبط شدہ پاسپورٹ حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں وزارت داخلہ کو آئی ایس آئی کی سفارشات کی روشنی میں قواعد کے مطابق اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے جس میں پاسپورٹ کی ضبطی بھی شامل ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پاسپورٹ حوالگی سے متعلق گلالئی اسمائیل کی درخواست پر فیصلہ 10 جنوری کو محفوظ کیا تھا۔

گذشتہ سال نومبر میں اس مقدمہ کی سماعت پر ڈپٹی اٹارنی جنرل خالد محمود نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملک کے اعلی تحقیقاتی ادارے آئی ایس آئی نے بیرون مملک، پاکستان مخالف سرگرمیوں کی بنا پر گلالئی اسماعیل کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا کہا تھا۔

گزشتہ سال گلا لئی اسماعیل کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے برطانیہ سے واپسی پر تحویل میں لیا اور ان کا پاسپورٹ ضبط کرلیا گیا تاہم چند گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر اپنی درخواست میں اپنے وکیل بابر ستار کےذریعے پی ٹی ایم رہنما نے موقف اپنایا کہ انہیں 12 اکتوبر کو برطانیہ سے واپسی پر حراست میں لے لیا گیا جبکہ ان پر کسی قسم کا مقدمہ درج نہیں ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے انہیں دفاع کا موقع فراہم کئے بغیر ان کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا اور پاسپورٹ ضبط کر لیا۔

گلالئی اسماعیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان پر سے سفری پابندی ہٹائی جائے اور ضبط شدہ پاسپورٹ واپس دلوایا جائے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ گلالئی اسمائیل کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے اور پاسپورٹ ضبط کرنے کے حوالے سے قوائد کو برائے کار نہیں لایا گیا ہے۔

گلالئی اسماعیل انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور پختون تحفظ موومنٹ کی رہنما ہیں جنہیں انٹرنیشنل ہیومینسٹ اینڈ ایتھیکل یونین کے ‘ہیومینسٹ آف دے ایئر’ ایوارڈ اور شیراک فاؤنڈیشن کے امن ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

گلالئی اسماعیل صوابی میں پیدا ہوئیں، وہ اسکول ٹیچر اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن محمد اسماعیل کی بیٹی ہیں۔ گلالئی اسماعیل نے 2002 میں قائد اعظم یونیورسٹی سے فلسفہ میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG