رسائی کے لنکس

پاکستانی ہسپتال میں ملا عمر کے علاج کی خبرکی تردید


پاکستانی ہسپتال میں ملا عمر کے علاج کی خبرکی تردید
پاکستانی ہسپتال میں ملا عمر کے علاج کی خبرکی تردید

پاکستان نے ایک امریکی اخبارکی اُس خبر کو” دروغ گوئی“ اور ”قیاس آرائی “ قرار دے کر مسترد کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دل کا دورہ پڑنے کے بعد طالبان کے مفرور رہنما ملا عمر کا خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی مدد سے ایک پاکستانی ہسپتال میں علاج کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے سرکاری میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ وہی پرانی اور بے بنیاد قیاس آرائیاں ہیں جن کامقصد پاکستان کو” بدنام کرنااور بدگمانیاں“ پیدا کرنا ہے۔ ”ایسی تمام سازشیں یقینا ناکام ہوں گی کیونکہ پاکستان نے افغانستان کی قیادت میں امن کے عمل کی حمایت کا عزم کررکھا ہے۔“

انھوں نے کہا کہ امن واستحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں میں پاکستان، افغانستان اور دوسرے فریقین کے درمیان ایسی ”دروغ گوئی“دوریاں نہیں پید ا کرسکتی۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بھی امریکی اخبار کی خبر کو ’من گھڑت‘ قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کی ہے۔

یہ رپورٹ ایک نجی انٹیلی جنس نیٹ ورک’ اِکلپس گروپ‘ نے جاری کی ہے اور اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جس ہسپتال میں ملا عمر کا علاج کیا گیا وہاں موجود ایک ڈاکٹر نے یہ معلومات فراہم کی ہیں۔ تاہم رپورٹ کے مطابق یہ ڈاکٹر طالبان رہنما کا آپریشن کرنے والی ٹیم کا حصہ نہیں تھا۔

افغانستان میں طالبان نے بھی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں چھپنے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملا عمر مکمل طور پر صحت مند اور محفوظ ہیں۔

طالبان کے ترجمان زبی اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ” ایسی اطلاعات دشمن کی طرف سے پھیلائی جانے والی قیاس آرائیوں کی مہم کا حصہ ہے۔

XS
SM
MD
LG