رسائی کے لنکس

کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ


حالیہ مہینوں میںتشدد کےمختلف واقعات میں بیسیوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں
حالیہ مہینوں میںتشدد کےمختلف واقعات میں بیسیوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں

کراچی میں قتل کیے جانے والے عوامی نیشنل پارٹی کے ایک سینئررہنماء عبید اللہ یوسف زئی کو جمعہ کے روز اُن کے آبائی ضلع بونیر میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ عبیداللہ کو اُن کے ساتھی سمیت کراچی ائر پورٹ کے علاقے میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلا ک کر دیا تھا۔

جنازے میں شریک عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے صحافیوں سے گفتگو میں اپنی پارٹی کے سینئر رکن کے قتل کی شدید مذمت کی اور الزام لگایا کہ پولیس اور رینجرز شہر میں امن وامان برقرار رکھنے میں ناکام ہوچکے ہیں اس لیے کراچی کو فوج کے حوالے کردیا جائے۔

اس موقع پر اُنھوں نے متحدہ قومی موومنٹ یا ایم کیو ایم کا نام لیے بغیر اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ”مہاجر بھائی جیو اور جینے دو کی پالیسی اپنائیں“۔

گذشتہ کئی ماہ سے کراچی میں سیاسی کارکنوں کو قتل کرنے کے واقعات تسلسل سے ہورہے ہیں جن میں بیسیوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ شہر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ایم کیوایم اور پشتونوں کی نمائندگی کرنے والی عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین ایک دوسرے پر تشدد کے ان واقعات کا الزام لگاتے ہیں ۔

چندہفتے قبل کراچی میں ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی رضا حید ر کو نامعلوم افراد نے ہلاک کر دیا تھا جس کی براہ راست ذمہ داری عوامی نیشنل پارٹی پر عائد کی گئی تھی۔ اس قتل کے بعدشہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں دو روز کے دوران لگ بھگ100 افرادہلاک کر دیے گئے تھے اور تشد د کا یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG