رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناکامی کا ’آپشن‘ نہیں: نواز شریف


وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی لعنت کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر صورت جیتنا ہو گی اور اس کے سوا کوئی اور ’آپشن‘ نہیں ہے۔

اُنھوں نے یہ بات پیر کو کراچی میں انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل پر عمل درآمد کے لیے قائم صوبائی ’ایپکس کمیٹی‘ کے اجلاس کے دوران کہی۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی لعنت کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔

اُنھوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کا قومی لائحہ عمل کسی ایک فریق یا حکومت نے تنہا نہیں بنایا بلکہ یہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم اس لائحہ عمل پر کامیابی سے عمل درآمد ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہے۔

پیر کو وزیراعظم نواز شریف اور فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف الگ الگ کراچی پہنچے۔ جہاں اُنھوں نے ’اپیکس کمیٹی‘ کے اجلاس میں شرکت سے قبل بھی ایک ملاقات کی۔

وزیراعظم نواز شریف نے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے میں 257 افراد کی ہلاکت کے معاملے پر کہا کہ یہ انتہائی اہم اور سنجیدہ معاملہ ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اس بارے میں وہ پہلے اللہ اور پھر عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔

اُنھوں نے چیف سیکرٹری سندھ سے کہا کہ اس بارے میں اجلاس کو بریفنگ دیں۔

بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں آتشزدگی کا یہ واقعہ ستمبر 2012ء میں پیش آیا تھا جس کے بارے میں تحقیقاتی رپورٹ حال ہی میں جاری کی گئی۔

وزیراعظم اور فوج کے سربراہ نے کراچی میں دہشت گردوں اور شر پسند عناصر کے خلاف جاری ’ٹارگٹڈ آپریشن‘ کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُنھیں سراہا۔

XS
SM
MD
LG