رسائی کے لنکس

پاکستان ریلویز کی طرف سے معروف ریل سروسز بند کا سلسلہ جاری


پاکستان ریلویز کی طرف سے معروف ریل سروسز بند کا سلسلہ جاری
پاکستان ریلویز کی طرف سے معروف ریل سروسز بند کا سلسلہ جاری

بھاری مالی خسارے کا شکار پاکستان ریلویز نے غیر منافع بخش ٹرینیں معطل کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اس میں اب پاکستان کی بعض معروف ٹرینوں کے نام بھی شامل ہوگئے ہیں۔

پاکستان ریلوے کے ترجمان شاہد اسلم نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ان کا محکمہ 76ٹرینیں پہلے ہی بند کرچکا ہے اور اب جو مزید چھ ٹرینیں بند کی جارہی ہیں ان میں تیز رو ایکسپریس کا 20جولائی سے اور شالیمار ایکسپریس کا 27جولائی سے معطل ہونا شامل ہے۔

اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے ریلوے کے ترجمان نے کہا کہ معطل کی جانے والی ٹرینیں صرف پانچ فیصد ریونیو دے رہی تھیں لہذا ان کو معطل کرکے جو وسائل ان پر خرچ ہورہے تھے ان کہ کہیں اور بہتر طور پر استعمال کرکے خسارے کو کم کیا جائے گا۔

ان ریل گاڑیوں پر سفر کرنے والے افراد نے ریلوے کے اس فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے تاہم ترجمان کا اصرار تھا کہ مسافروں کے لیے ریلوے کی اور بہت سی ٹرینیں موجود ہیں۔

شاہد اسلم نے کہا کہ ریلوے عوام کی خدمت کا ادارہ ضرور ہے مگر وفاقی حکومت اصرار کررہی ہے کہ اس محکمے کو تجارتی بنیادوں پر مستحکم کیا جائے۔ انھوں نے بتایا کہ ریلوے نے غیر منافع بخش مزید 102ٹرینوں کو بند کرنے کا روڈ میپ حکومت کودے رکھا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ 102ٹرینیں محض 75کروڑ روپے کماتی ہیں جب کہ تیل لے جانی والی ایک ٹرین 90کروڑ روپے منافع کما لیتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ریلویز کا محکمہ 250سے زائد ٹرینیں چلا رہا ہے جن میں سے 40ایسی ہیں جو ریلوے کی کل آمدنی کا 80فیصد کماتی ہیں جب کہ دو سو سے زائد ٹرینیں خسارے میں چل رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG