امریکی سفارتخانے کی طر ف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر راجیو شا نے امریکہ کی جانب سے امداد کے لیے ایک سپیشل ڈیزاسٹر اسسٹنس ریسپانس ٹیم (DART)اسلام آباد بھیجی ہے۔
بیان کے مطابق یہ ٹیم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنے والے تجربہ کار ماہرین پر مشتمل ہے جن میں سے متعدد نے 2005ء کے زلزلے کے بعد پاکستان میں کام کیا تھا۔
ڈارٹ ٹیم کے سربراہ ولیم ایس برجر نے کہا ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی مدد کے لیے یہاں آئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ٹیم صحت،خوراک، سرچھپانے کے ٹھکانوں اور دیگر پیدا ہونے والی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔
ڈارٹ کی ٹیمیں صرف بڑے پیمانے پر ہونے والی آفات کے ردعمل میں فعال کی جاتی ہیں۔ اس سال جنوری میں ہیٹی میں آنے والے زلزلے کے بعد یہ ٹیمیں سرگرم ہوئی تھیں۔ پاکستان میں 2009ء میں مالاکنڈ میں بے گھر ہونے والے خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے اور 2005ء میں زلزلہ کے بعد بھی ڈارٹ کو پاکستان میں تعینات کیا گیا تھا۔
گذشتہ ہفتے امریکہ نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے تین کروڑ 50لاکھ ڈالر کا اعلان کیا تھا جس میں اقوام متحدہ کے خوراک کے عالمی پروگرام کے لیے ڈیڑھ کروڑ ڈالر بھی شامل ہیں۔ ایک کروڑ ڈالر موجودہ ہنگامی منصوبوں کو وسعت دینے اور ضرورت کے مطابق حکومت پاکستان کے نشاندہی کردہ پروگراموں کو شامل کرنے اور ایک کروڑ ڈالر طبی سہولتوں،سر چھپانے کے ٹھکانوں اور پانی کی فراہمی و نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے پروگراموں کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
امریکہ اب تک خوراک کے عالمی پروگرام کے اشتراک سے ایک لاکھ 58ہزار پانچ سو افراد کو خوراک فراہم کرچکا ہے اور روزانہ 35سے 49ہزار افراد کو خوراک فراہم کررہا ہے۔