رسائی کے لنکس

پاکستانی خواتین کی ترقی کے لیے امریکی تعاون سےمشاورتی فورم قائم

پاکستانی خواتین کی ترقی کے لیے امریکی تعاون سےمشاورتی فورم قائم
پاکستانی خواتین کی ترقی کے لیے امریکی تعاون سےمشاورتی فورم قائم

صنفی مساوات پروگرام کے نفاذ میں کلیدی کردار عورت فاؤنڈیشن اور ایشیا فاؤنڈیشن کا ہو گا جبکہ منصوبوں میں کسی ممکنہ مالی بدعنوانی کی نشان دہی اور شکایت درج کرنے کے لئے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے یو ایس ایڈ ، حکومت پاکستان اور غیر سرکاری تنظیموں نے مل کر ایک قومی مشاورتی فورم قائم کیا ہے جس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستان میں ہر طبقے کی خواتین کی ترقی ہو، انہیں تشدد سے تحفظ حاصل ہو اور ان کی آواز کو دبایا نا جاسکے۔

یہ فورم ایک اَیسے وقت پر تشکیل دیا گیا ہے جب دنیا بھر میں اس سال خواتین کا عالمی دن منائے جانے کی صد سالہ تقریبات منائی جا رہی ہیں۔

قومی مشاورتی فورم کا قیام امریکی حکومت کی مدد سے پاکستان میں جاری چار کروڑ ڈالر مالیت کے پانچ سالہ ’’صنفی مساوات پروگرام‘‘ کا حصہ ہے جس کے بنیادی اغراض و مقاصد میں مظلوم عورتوں کی انصاف تک رسائی کو آسان بنانا ، انھیں مردوں کے برابر جائز حقوق دلوانا اور سیاسی، سماجی واقتصادی لحاظ سے با اختیار بنانا شامل ہے۔

ہفتے کو اسلام آباد میں فورم کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غیر سرکاری تنظیم عورت فاؤنڈیشن کے ایک عہدیدار نعیم مرزا نے بتایا کہ مشاورتی فورم تقریباً بیس ارکان پر مشتمل ہوگا جس میں وفاقی و صوبائی وزار کے علاوہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان ، قانونی ماہرین ، دانشور اور حقوق نسواں کے سرگرم کارکن شامل ہوں گے۔

یاسمین رحمن
یاسمین رحمن

حکمران پاکستان پیپلز پارٹی کی ممبر قومی اسمبلی اور فورم کی رکن یاسمین رحمان نے کہا کہ فورم اپنی مشاورت اور پالیسی سازی کے ذریعے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ صنفی مساوات پروگرام کے تحت جو بھی منصوبے شروع کیے جائیں ان پر موثر اور منظم انداز میں عمل درآمد ہو اور پاکستانی عورتوں کو حقیقی معنوں میں اس کا فائدہ پہنچے۔

امریکی سفیر کیمرون منٹر کی اہلیہ میریلین وائٹ نے وائس آف امریکہ سے انٹرویو میں کہا کہ ان کا ملک پاکستان میں عورتوں کی ترقی خاص طور پر ان کی اقتصادی بہتری اور صحت و تعلیم پر خاص توجہ دے رہا ہے جس سے ان کے مطابق پورے معاشرے میں مجموعی بہتری لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

امریکی حکومت کے صنفی مساوات پروگرام کے تحت حکومتی اداروں ، نجی تنظیموں اور ذرائع ابلاغ کے اداروں کو عورتوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں لیے پچیس ہزار ڈالر سے لے کر پانچ لاکھ ڈالر تک کی گرانٹ دی جائے گی۔

پاکستانی خواتین کی ترقی کے لیے امریکی تعاون سےمشاورتی فورم قائم
پاکستانی خواتین کی ترقی کے لیے امریکی تعاون سےمشاورتی فورم قائم

امریکی سفیر کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان میں سے بہت سے ادارے نچلی سطح پر کام کریں گے اور ملک کے دور دراز علاقوں میں جو بھی عورتیں استفادہ کرنا چاہیں وہ اپنے متعلقہ ادارے سے رجوع کر سکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG