رسائی کے لنکس

’الزامات سے آگاہ کیا جائے‘


رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ کے سربراہ نے کہا ہے کہ سِم سِم ہمارا نامی منصوبے میں مبینہ بدعنوانی کی اطلاعات پر اس کی منسوخی سے اُن کے ادارے کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے

پاکستان کی رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکی اعانت سے جاری منصوبے میں مبینہ بدعنوانی کی اطلاعات پر اس کی منسوخی سے اُن کے ادارے کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے اس لیے حقائق جلد از جلد منظرِ عام پر لانا ناگزیر ہے۔

عالمی سطح پر بچوں میں مقبول ٹی وی سیریز ’سیسمی اسٹریٹ‘ کی طرز پر اردو اور دیگر مقامی زبانوں میں ’سِم سِم ہمارا‘ نامی سیریز کے منصوبے کو روکنے کا اعلان رواں ہفتے کیا گیا۔

رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ کے سربراہ فیضان پیرزادہ نے جمعہ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں ایک مرتبہ پھر مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کو ’’غلط اور بے بنیاد‘‘ قرار دے کر ان کی تردید کی۔

اُنھوں نے ذرائع ابلاغ میں اُن کے ادارے کی مسلسل ’’کردار کشی‘‘ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی نے بھی اُنھیں تاحال تحریری طور پر الزامات سے آگاہ نہیں کیا ہے۔

’’رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ تو اس چیز کا انتظار کر رہا ہے کہ الزامات ہیں کیا ... پہلے ہم اپنا نام صاف کرنا چاہتے ہیں (کیوں کہ) میری فیملی اور میرے ادارے کے لوگ اضطراب کا شکار ہیں۔‘‘

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے فیضان پیرزادہ نے کہا کہ وہ امریکی ٹیکس دہندگان پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اُن کا پیسہ صحیح طور پر استعمال ہو رہا ہے۔

اُن کے بقول دو کروڑ ڈالر مالیت کے اس منصوبے کے تحت اُن کے ادارے کو تاحال صرف 49 لاکھ ڈالر فراہم کیے گئے ہیں، جن کے استعمال کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔

فیضان پیرزادہ نے کہا کہ بنیادی منصوبے کے تحت اُن کے ادارے نے 2014ء کے بعد سے ’سِم سِم ہمارا‘ کو اپنے وسائل سے چلانا تھا۔

’’یہ (امریکی حکام) اس منصوبے کو اس طرح اختتام کی طرف لائیں کہ رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ اس دلکش منصوبے کو آگے لے کر جا سکے۔‘‘

امریکی حکومت کی مالی معاونت سے شروع کیے گئے اس منصوبے کا مقصد پاکستانی بچوں کو تعمیری تفریح اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG