رسائی کے لنکس

مہمند ایجنسی میں خودکش حملہ، 50 ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں پولیٹیکل انتظامیہ کی عمارت کے احاطے میں پیر کو ہونے والے دوخودکش بم دھماکوں میں کم ازکم 50 افراد ہلاک اور100 سے زائد زخمی ہو گئے جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ایجنسی کے انتظامی مرکز غلنئی میں مقامی حکام نے بتایا ہے کہ موٹرسائیکلوں پر سوار دو خودکش حملہ آوروں نے امن کمیٹی کے ایک اجلاس کو نشانہ بنایا جس میں ایک سو سے زائد افراد شریک تھے۔

ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ امجد علی خان نے صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں نے خاصہ داروں کی وردیاں پہن رکھی تھیں۔ ایک حملہ آور کو اہلکاروں نے انتظامیہ کے دفتر میں داخل ہونے سے روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب کے دوسرے حملہ آورنے اس دوران احاطے میں داخل ہوکر دھماکا کردیا۔

انھوں نے کہا کہ دونوں خودکش بمباروں نے اپنی بارودی جیکٹوں میں چَھروں کی بجائے بندوق کی گولیاں(بُلٹس) شامل کررکھی تھیں جو کہ زیادہ تر ہلاکتوں کی وجہ بنیں۔

ہلاک ہونے والوں میں مقامی انتظامیہ کے اہلکاراور قبائلی عمائدین کے علاوہ دو صحافی بھی شامل ہیں۔

رواں سال جولائی میں بھی مہمند ایجنسی میں ایک جرگے کو نشانہ بنانے کے لیے دو خودکش بم دھماکے ہوئے تھے جس میں 102 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG