پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں اتوار کو نامعلوم افراد نے پولیس کی گاڑی پر حملہ کرکے ایک افسر سمیت تین اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب میں پیش آیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حامد شکیل نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ نیو سریاب تھانے کے سربراہ ایس ایچ او منظور ترین اپنے عملے کے ہمراہ کلی شاہنواز نامی علاقے سے گزر رہے تھے کہ پہلے سے گھات لگائے نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کر دی۔ حملے میں منظور ترین اور دو سپاہی موقع پر ہلاک ہو گئے۔
منظور ترین اس سے قبل ایک بم حملے میں زخمی بھی ہوئے تھے۔
سریاب کے علاقے میں اکثر و بیشتر پولیس اور نیم فوجی سکیورٹی فورس ایف سی کے اہلکاروں پر حملے کئے جاتے ہیں جن میں اب تک کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔