پاکستان کے شمال مشرقی صوبہ خیبر پختون خواہ میں پیر کی صبح ایک خودکش بم دھماکے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع صوابی کے دور افتادہ علاقے میں ہونے والے حملے کا ہدف سابق ناظم ملک حنیف خان جدون تھے جو اس واقعے میں مارے گئے، جب کہ زخمی ہونے والے سات افراد میں اُن کا بیٹا بھی شامل ہے۔
یہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب حنیف جدون مقامی مسجد میں عید الالضحیٰ کی نماز ادا کرنے کے بعد اپنی گاڑی کی جانب بڑھ رہے تھے۔ سابق ناظم کا تعلق صوبے میں حکمران جماعت عوامی نیشنل پارٹی سے تھا، جس کے متعدد رہنماؤں کو ماضی میں بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
کسی گروہ نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
صوابی اپنے ملحقہ اضلاع کی نسبت پُر سکون علاقہ ہے لیکن طالبان عسکریت پسند یہاں بھی پر تشدد کارروائیاں کر چکے ہیں۔