رسائی کے لنکس

راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز بھی پاکستان کے نام ،اظہر علی کی سینچری


پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جا رہے راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی اننگز 476 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی۔

میچ کا دوسرا روز بھی پاکستانی بیٹرز کے نام رہا پاکستان نے دوسرے دن 245 رنز ایک کھلاڑی آوٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اوپنر امام الحق نے اظہر علی کے ساتھ مل کر پاکستان کی اننگز کو آگے بڑھایا۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 313 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب امام الحق 157 رنز بنا کر پیٹ کمنز کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

بعدازاں کریز پر بابر اعظم آئے جنہوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 99 رنز بنائے۔ بابر اعظم 36 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو ئے۔

چائے کے وقفے کے بعد اظہر علی بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، وہ 185 رنز بنا کر مارنس لبو شین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان اور افتحار احمد نے پاکستان کا اسکور تیزی سے آگے بڑھانے کی کوشش کی، تاہم 476رنز کے اسکور پر کپتان بابر اعظم نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا ۔

پاکستان کی پہلی اننگز میں آسٹریلوی فاسٹ بالرز کو کوئی خاص مدد نہ مل سکی اور صرف کپتان پیٹ کمنز ہی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

مارنس لبوشین اور نیتھن لائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلوی بلے بازوں عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے جب اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو کم روشنی کے باعث محض ایک اوور کا ہی کھیل ممکن ہو سکا۔ امپائرز نے جب دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے کا اعلان کیا تو آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے پانچ رنز بنا لیے تھے۔

دوسرے روز کھیل کے آغاز پر پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے پشاور میں ہونے والے دھماکے اور کرکٹ لیجنڈ شین وارن کے انتقال پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

اس موقع پر گراؤنڈ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے جھنڈے بھی سرنگوں رہے اور آسٹریلوی کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلا۔

آسٹریلیا کی ٹیم 2019 کے بعد پاکستان کا دورۂ کرنے والی چھٹی ٹیم ہے اور اسی عرصے کے دوران آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے والی چوتھی ٹیم بھی بن گئی ہے۔ اس سے قبل سری لنکا، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہیں۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی گیارہ رکنی ٹیم کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے۔

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں اوپنر ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، کپتان پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG