رسائی کے لنکس

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے بنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے شکست دے دی


بنگلہ دیش کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلہ دیش کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کُن برتری حاصل کر لی ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 137 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور کپتان بابر اعظم نے بالترتیب ناقابل شکست 67 اور 66 رنز بنائے۔ پاکستان نے 17 ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔

بنگلہ دیش کے بولرز متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف ایک پاکستانی کھلاڑی کی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے مقرر اوورز میں 136 رنز بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس کے ابتدائی دو بلے باز پاور پلے کے دوران ہی پویلین لوٹ گئے۔ البتہ تمیم اقبال نے اننگز کو سنبھالے رکھا۔

اوپنر نعیم شیخ بغیر کوئی رنز بنائے شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ مہدی حسن نو رنز بنا کر حسنین کا شکار بنے۔ لٹن داس کو شاداب خان نے ایل بی ڈبلیو کیا اُنہوں نے نو رنز بنائے۔

عاطف حسین نے تمیم اقبال کے ساتھ مل کر بنگلہ دیشی اننگز کو کچھ سہارا دیا۔ لیکن وہ بھی 21 رنز بنا کر محمد حسنین کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ کھیل کے اختتامی لمحات میں تمیم اقبال بھی 65 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیشی کپتان محمود اللہ کو 12 رنز پر حارث رؤف نے کلین بولڈ کر دیا۔

محمد حسنین نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے متھن کی جگہ مہدی حسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ جمعے کو کھیلے گئے میچ میں بھی پاکستان نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

بنگلہ دیش کے 141 رنز کے جواب میں پاکستان نے 142 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں پورا کر لیا تھا۔ شعیب ملک نے ناقابل شکست 58 رنز بنائے تھے۔

سیریز کا تیسرا میچ 27 جنوری کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ برقرار رکھنے کے لیے سیریز تین صفر سے جیتنا ضروری ہے۔ ایک بھی میچ ہارنے کی صورت میں پاکستان دوسرے نمبر پر آ جائے گا۔ اور پاکستان سے ایک پوائنٹ پیچھے آسٹریلیا کی ٹیم عالمی رینکنگ میں نمبر ون ٹیم بن جائے گی۔

محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کو بنگلہ دیش پر سبقت حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 11 ٹی ٹوئنٹی میچز میں آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں نو میچز پاکستان نے جیتے اور دو میں بنگلہ دیش کو کامیابی ملی۔

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم 12 برس بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ اس سے قبل 2008 میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد سات سے 11 فروری کے دوران ٹیسٹ میچ کھیلنے دوبارہ پاکستان آئے گی۔ یہ ٹیسٹ میچ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد تیسرے مرحلے میں بنگلہ دیش کی ٹیم اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ جہاں تین اپریل کو ایک ون ڈے اور پانچ سے نو اپریل تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG