رسائی کے لنکس

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے پا گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پاکستان میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے شیڈول پر اتفاق ہو گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئے شیڈول کے مطابق، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم سات سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ تین اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ پانچ سے نو اپریل تک کراچی میں ہو گا۔

سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات کے دوران دی گئی. ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین ششانک منوہر نے سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں معاون کا کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان (فائل فوٹو)
چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان (فائل فوٹو)

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم تین مرتبہ پاکستان آئے گی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے حوالے سے شش و پنج کا شکار تھی۔

پاکستان میں گزشتہ سال دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی تھی۔ جب 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر قذافی اسٹیدیم لاہور کے قریب ہونے والے حملے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔

سری لنکا کی ٹیم نے راولپنڈی اور کراچی میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے تھے۔

پاکستان مختلف ممالک کے خلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلتا تھا۔ البتہ، کمرشل اور مالی وجوہات کی بنیاد پر پاکستان نے بنگلہ دیش کو متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کی دعوت نہیں دی تھی۔

پاکستان اس دوران بنگلہ دیش سے یہ اصرار کرتا رہا ہے کہ وہ پاکستان آ کر کھیلے۔ 2012 اور 2016 میں اس حوالے سے پیش رفت بھی ہوئی تھی۔ لیکن، بنگلہ دیش کی ٹیم نے دورہ پاکستان سے انکار کر دیا تھا۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے 2008 میں پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کی تھی۔ لہذٰا، اب وہ 12 سال بعد پاکستان میں سیریز کھیلے گی۔

XS
SM
MD
LG