پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 13 رنز سے ہرا کر سیریز 0-3 سے جیت لی ہے۔
اس میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو نسبتاً آسان 148 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اووروں میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز ہی بنا سکی۔
سری لنکا کے دس بڑے کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں کپتان ڈسن شناکا نے اپنے بالروں کو بہترین انداز میں استعمال کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ پاکستان کی طرف سے حارث سہیل کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔
اس میچ میں پاکستان نے احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم میں شامل نہ کیا۔ اوپنر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو کر پیویلین لوٹ گئے۔ یوں پاکستان کی پہلی وکٹ صفر کے سکور پر گر گئی۔ اس کے بعد بابر اعظم اور حارث سہیل کے درمیان 76 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ تاہم بابر اعظم 12 ویں اوور کی آخری گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 27 رنز بنائے۔ حارث سہیل کا ساتھ دینے کیلئے عماد وسیم آئے۔ تاہم حارث سہیل اور عماد وسیم دونوں جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ یوں پاکستان کی 4 وکٹیں 103 رنز پر گر چکی تھیں۔ حارث سہیل نے 50 گیندوں پر 52 رنز بنائے جبکہ عماد وسیم صرف 3 رنز بنا سکے۔
ایک رن کے اضافے کے بعد زور دار شاٹس لگانے والے بیٹسمین آصف علی صرف ایک رنز بنا کر پیویلین لوٹ گئے۔ کپتان سرفراز احمد بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہ رہ سکے اور 18 ویں اوور کی آخری گیند پر 17 رنز بنا کر چلتے بنے۔ یوں پاکستان کو آخری دو اوورز میں 37 رنز بنانا تھے۔ لیکن افتخار احمد اور وہاب ریاض صرف 23 رنز ہی بنا سکے۔ یوں سری لنکا نے یہ میچ 13 رنز سے جیت لیا۔
سری لنکا کی طرف سے ڈی سلوا نے تین اور کمارا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل سری لنکا کے کپتان ڈسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹیں کھو کر 147 رنز بنائے۔ سری لنکا کی طرف سے فرنینڈو نے 48 گیندوں پر 78 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
پاکستان ٹیم میں اس میچ کیلئے تین تبدیلیاں کی گئیں۔ عمر اکمل، احمد شہزاد اور محمد حسنین کی جگہ حارث سہیل، افتحار احمد اور عثمان شنواری کو شامل کیا گیا۔
سری لنکا کی ٹیم: دنشکا گوناتلکا، سدھیرا سمراوکرما، بھنوکا راجاپکسے، انجیلو پریرا، اوشاڈا فرنینڈو، ڈسن شناکا، ونیندو ھسارانگا، لہیرو مدھوشنکا،لکشن سندکن، کسن راجیتا اور لہیرو کمارا۔
پاکستان ٹیم: بابر اعظم، فخر زمان، حارث سہیل، افتحار احمد، سرفراز احمد، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، محمد عامر، عثمان شنواری۔