رسائی کے لنکس

پہلا ٹی ٹوئنٹی: سری لنکا نے پاکستان کو 64 رنز سے ہرا دیا


وقار محمد خان/وسیم صدیقی

سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جانے والا پہلا ٹی 20 میچ سری لنکا نے 64 رنز سے جیت لیا ہے۔

سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 166 رنز کا ہدف دیا تھا۔ لیکن، پاکستان کی پوری ٹیم پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 17 اعشاریہ 4 بالوں پر 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ یوں سری لنکا نے میزبان ٹیم کو 64 رنز سے ہرا دیا۔

پاکستان کے ہارنے کی بڑی وجہ ناقص بیٹنگ لائن رہی۔ سری لنکا کے خلاف اب تک کامیاب رہنے والے بیٹسمین بابر اعظم صرف 13 رنز بنا سکے جبکہ سب سے بڑا اسکور بھی 25 رنز سے زیادہ نہ بن سکا جو افتخار احمد نے بنایا۔ کپتان سرفراز احمد 24 رنز بناسکے جبکہ باقی تمام کھلاڑی ڈبل فگر تک بھی نہیں پہچ سکے۔

میچ کے آغاز پر پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ سری لنکا کی جانب سے پُر اعتماد انداز سے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔

ابتدائی بلے بازوں دنشکا گناتھیلکا اور اوشکا فرنینڈو کے درمیان 84 رنز کی پارٹنرشپ رہی۔ دنشکا 10 ویں اوور میں 84 کے مجموعی اسکور پر اس وقت آؤٹ ہوئے جب شاداب نے انہیں ایل بی ڈبلیو کیا۔ انہوں نے 35 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔

اس کے بعد سری لنکا کی اگلی وکٹ 120 کے اسکور پر گری۔ جب 15 ویں اوور میں فرنینڈو کو شاداب خان نے رن آؤٹ کیا۔ وہ 33 رنز بنا سکے۔

اس کے بعد اگلے ہی اوور کی آخری گیند پر محمد حسنین نے بھنُکا راجاپکسا کو 135 کے مجموعی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔ وہ 22 گیندوں پر 32 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

سری لنکا کے چوتھے آوٹ ہونے والے کھلاڑی داسن شناکا تھے ان کو 153 کے مجموعی اسکور پر محمد حسین کی گیند پر عمر اکمل نے کیچ کیا۔

19 ویں اوور میں محمد حسنین نے جےسوریا کو آؤٹ کیا ان کا کیچ احمد شہزاد نے لیا وہ صرف 2 رنز بنا سکے تھے۔

یوں مقررہ 20 اوورز میں سری لنکا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 166 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے باولنگ کرتے ہوئے محمد حسنین 4 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد شاداب نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

165 رنز کے ہدف کے حصول میں پاکستان کی جانب سے اننگز کی شروعات بابر اعظم اور احمد شہزاد نے کی لیکن سری لنکا کے خلاف اب تک سب سے کامیاب قرار پانے والے بابر اعظم صرف 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور بھی 13 رنز تھا۔

عمر اکمل اگلے بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلنے آئے۔ لیکن پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ان کے بعد احمد شہزاد بھی کچھ نہ کر سکے اور 22 رنز کے اسکور پر صرف 4 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

سرفراز احمد اور افتخار احمد نے بالترتیب 24 اور 25 رنز بنائے لیکن وہ بھی کوئی بڑا مجموعی اسکور سری لنکا کو نہ دے سکے۔

جو کھلاڑی ڈبل فگر اسکور بھی نہیں کر سکے ان میں آصف علی، عماد وسیم اور فہیم اشرف شامل ہیں جنہوں نے بالترتیب چھ، سات، اور آٹھ رنز بنائے جبکہ محمد عامر صرف ایک رنز بنا سکے۔ شاداب خان کا اسکور 6 رنز رہا۔

سری لنکن بالر پردیپ اور اوڈانا نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈی سلوا نے دو اور راجیتھا نے ایک وکٹ لی۔ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز لاہور میں ہوں گے۔ پہلے میچ قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ سخت حفاظتی انتظامات بھی دیکھنے میں آئے۔

پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم میں احمد شہزاد اور عمر اکمل کی واپسی ہوئی ہے جبکہ فہیم اشرف کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

سری لنکا کے کپتان نے 170 رنز کو ایک بہترین ہدف قرار دیا۔

پاکستان اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم ہے جبکہ سری لنکا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر ہے۔

قبل ازیں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کراچی میں کھیلی گئی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوا تھا جب کہ دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو 67 رنز اور آخری میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان کی ٹیم نے طویل عرصے بعد کراچی میں بین الاقوامی ایک روز میچ کھیلے تھے۔ دو میچز میں کامیابی کے بعد گرین شرٹس ون ڈے سیریز 0-2 سے اپنے نام کر چکی ہے۔

سری لنکن ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز لاہور میں کھیلے گی۔ اور یہ میچز آج سے نو اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG