کراچی ...پاکستان، ویسٹ انڈیز کے خلاف بدھ کو ابوظہبی میں تیسرا اور آخری ون ڈے کھیلے گا۔ پاکستان اسی دورے میں کھیلی گئی ٹی 20 سیریز تین۔صفر سے جیت کر مخالف ٹیم کو ’کلین سویپ‘ کر چکا ہے اور اب اس کی نظریں ون ڈے سیریز میں بھی ’وائٹ واش‘ پر جم گئی ہیں۔
کامیابی کی صورت میں پاکستان کی عالمی رینکنگ بھی ایک درجہ بہتری کے بعد نو سے کم ہوکر آٹھ ہو جائے گی۔
پاکستانی کپتان اظہر علی اب تک کھیلے گئے دونوں میچز میں خاطر خواہ کار کردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں، پہلے میچ میں وہ پہلی گیند پر پویلین لوٹ گئے تھے، جبکہ دوسرے میچ میں بھی صرف 9 رنز ہی بنا سکے۔ تاہم، بدھ کو کھیلنے جانے والے آخری میچ میں وہ اچھی اننگز کھیل کر سیریز کا اختتام خوشگوار یادوں کے ساتھ کرسکتے ہیں۔
کچھ اعداد و شمار، کچھ ریکارڈ
تین میچوں پر مشتمل سیریز پہلے ہی پاکستان اپنے نام کرچکا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں تین سال بعد اس نے ون ڈے سیریز جیتی ہے۔ پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 111رنز کے بڑے مارجن سے شکست ہوئی تھی، جبکہ دوسرا ایک روزہ میچ 59رنز سے پاکستان کے نام ہوا۔
بابر اعظم نے دونوں میچوں میں سنچری اسکور کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور ’مین آف دی میچ‘ قرار پائے تھے۔
گذشتہ 24 سال میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے دو بار کی سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل آٹھویں ایک روزہ بین الاقوامی ون ڈے سیریز جیتی ہے۔
ویسٹ انڈیز نے آخری بار 1991 میں پاکستان کو ون ڈے سیریز میں ہرایا تھا، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان 1992 میں ہونے والی سیریز 2،2 سے برابر رہی تھی۔ اس کے بعد پاکستان ٹیم تمام سیریز میں فتحیاب ہوتی رہی۔
ایک روزہ میچوں کے بعد پاکستان کا اگلا امتحان ٹیسٹ سیریز میں ہوگا۔ تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 13سے 17 اکتوبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔