رسائی کے لنکس

دوسرا ٹی20: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 48 رنز سے ہرادیا


جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں میزبان ٹیم 153 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کو بالآخر دورۂ نیوزی لینڈ میں پہلی کامیابی حاصل ہوگئی اور اس نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 48 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔

جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں میزبان ٹیم 153 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

آکلینڈ میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز سیریز میں پہلی بار فارم میں نظر آئے۔ فخر زمان اور احمد شہزاد نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اورز میں 94 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

احمد شہزاد 34 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

ابھی اسکور میں صرف دو رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ فخرزمان بھی 27 گیندوں پر برق رفتار نصف سنچری اسکور کرکے پویلین لوٹ گئے۔ اُن کی اننگز میں تین چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور سرفراز احمد میدان میں اترے اور اوپنرز کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تیز رفتار ی کے ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور کسی بھی کیوی بالر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف کھل کر اسٹروکس کھیلے۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 92 رنز بنائے۔

سرفراز تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں ویلر کی گیند پر مونرو کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ 35 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین فہیم اشرف بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے جبکہ بابر اعظم نے 29 گیندوں پر ناقابلِ شکست 50 رنز بنائے۔

اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنالیے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ویلر نے دو جبکہ رانسے اور گرینڈ ہوم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور مونرو صرف ایک رن بنا کر گپٹل کا ساتھ چھوڑ گئے۔ کپتان ولیم سن بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 28 رنز تھا۔

بروس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور مشکل رن لینے کی کوشش میں 11 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ گپٹل نے کسی حد تک مزاحمت کی لیکن 26 رنز پر وہ بھی ہمت ہار گئے اور شاداب خان کی گیند پر عمر امین کو کیچ دے بیٹھے۔

فلپس اور گرینڈ ہوم بھی پاکستانی بالرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور بالترتیب 5 اور 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ویلر نے پاکستانی بالرز کا اعتماد کے ساتھ سامنا کیا اور 20 گیندوں پر 30 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ وہ حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ سینٹنر نے 37رنز بنائے۔

اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم 3ء18 اوورز میں 153 رنز بناسکی اور پاکستان نے 48 رنز سے میچ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

پاکستان کی طرف سے فہیم اشرف نے تین، محمد عامر اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ رومان رئیس اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو بے اوول، ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG