رسائی کے لنکس

پہلا ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

محمد نواز 7، حارث سہیل 9، کپتان سرفراز احمد 9، شاداب خان صفر جبکہ فہیم اشرف 7 رنز بناسکے۔ پاکستان کے نو بلے باز ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکے۔

میچ کا فارمیٹ بدل گیا لیکن نتیجہ وہی رہا جو پچھلے پانچ ایک اور روزہ میچوں سے پاکستان کی شکست کی صورت میں چلا آرہا تھا۔ نیوزی لینڈ نے پہلا ٹی ٹوئنٹی سات وکٹوں سے اپنے نام کرکے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 106 رنز کا ہدف دیا جو کیویز نے 16 ویں اوور میں صرف تین وکٹو ں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ایک روزہ میچوں کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستانی اوپنرز کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ فخر زمان تین رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اسی اسکور پر عمر امین بھی بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ ایک کے بعد ایک بلے باز پویلین لوٹتا رہا اور صرف 38 رنز پر چھ کھلاڑی پویلین واپس جاچکے تھے۔

محمد نواز 7، حارث سہیل 9، کپتان سرفراز احمد 9، شاداب خان صفر جبکہ فہیم اشرف 7 رنز بناسکے۔ پاکستان کے نو بلے باز ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکے۔

بابر اعظم اور حسن علی نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 30 رنز بنائے جو پاکستانی اننگز کی سب سے بڑی شراکت داری تھی۔ حسن علی 12 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جو پاکستان کی اننگز میں دوسرا بڑا انفرادی اسکور رہا۔

بابر اعظم نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 41 گیندوں پر41 رنز بنائے۔ اس طرح پاکستان ٹیم 19 اعشاریہ 4 اوورز میں 105 رنز ہی بناسکی۔

نیوزی لینڈ کی طرف سیتھ رانسے اور ٹم ساؤتھی نے تین، تین، سینٹنر نے دو جبکہ اناروکچن اور مونرو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم کی بیٹنگ کا آغاز بھی تباہ کن انداز میں ہوا اور صرف تین کے مجموعی اسکور پر مارٹن گپٹل 2 رنز بناکر رومان رئیس کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ابھی مجموعی اسکور صرف 8 رنز تھا کہ رومان رئیس نے فلپس کو 3 رنز پر ہی کلین بولڈ کردیا۔

مونرو اور ٹام بروس نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 49 رنز بناکر ٹیم کو مشکل سے نکالا۔ لیکن بروس 26 رنز کی اننگز کھیل کر مونرو کا ساتھ چھوڑ گئے۔

اس کے بعد مونرو اور راس ٹیلر نے مزید کسی نقصان کے بغیر 16 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 106 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرکے ٹیم کو فتح دلادی۔ مونرو 49 اور راس ٹیلر 22 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسری ٹی20 جمعرات کو ایڈن پارک میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG