رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ میں عمدہ پرفارمنس دیں گے، سرفراز احمد


ورلڈ کپ کرکٹ ٹرافی 2019 کی پاکستان کے ٹور کے دوران کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں نمائش۔ 7 اکتوبر 2018
ورلڈ کپ کرکٹ ٹرافی 2019 کی پاکستان کے ٹور کے دوران کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں نمائش۔ 7 اکتوبر 2018

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں تمام ہی ٹیمیں مضبوط ہیں۔ پاکستان کا مڈل آرڈر مضبوط ہے۔ کوشش کریں گے کہ عمدہ پرفارمنس دیں۔

سرفراز احمد نے بھارت کے ساتھ مقابلے کے سلسلے میں محتاط ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمارے ساتھ کھیلے یا نہ کھیلے یہ ان کا مسئلہ ہے،ہمارا نہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی کے حوالے سے پریس کانفرنس میں کیا۔

یاد رہے کہ بھارت کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ورلڈ کپ کا میچ نہیں کھیلنا چاہتا۔ لیکن آئی سی سی کی طرف سے اس معاملہ پر واضح کر دیا گیا ہے کہ میچ نہ کھیلنے کی صورت میں پوائنٹس پاکستان کو ملیں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ میگا ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں مضبوط ہیں۔ قومی ٹیم کا مڈل آرڈر مضبوط ہے۔ کوشش کریں گے کہ انگلینڈ سے سیریز اور وارم اپ میچز میں کوتاہیاں دور کر لیں۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ مڈل آرڈر میں بابر اعظم، شعیب ملک اور حفیظ شامل ہیں لہذا یہ کہنا ہے کہ مڈل آرڈر کمزور ہے درست نہیں ہے۔ ہم کوشش کریں گے ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اضافی وکٹ کیپر کی ضرورت ہوئی تو محمد رضوان کو لے جایا سکتا ہے۔ رضوان نے حالیہ دنوں میں اچھی پرفارمنس دی ہے اور ابھی حفیظ کی انجری کے حوالے سے بھی تشویش موجود ہے، لہذا رضوان کو لے جایا جا سکتا ہے۔

کرکٹر محمد عامر کو ورلڈ کپ میں کھلانے سے متعلق سوال کو سرفراز نے ٹال دیا اور کہا کہ آپ کو کیا لگتا ہے کہ انہیں کھلایا جائے گا یا نہیں۔

انہوں نے ورلڈ کپ ٹرافی کے دوبارہ پاکستان آنے کا سہرا نجی سپانسر کو دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عام لوگوں کو ٹرافی دیکھنے اور سیلفیاں بنانے کا موقع ملے گا جس سے قوم میں جذبہ پیدا ہو گا۔ انہوں نے قوم سے ورلڈکپ میں جیت کے لیے دعاؤں کی بھی درخواست کی۔

ورلڈ کپ کی یہ ٹرافی اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے مختلف شہروں میں بڑے شاپنگ مالز میں عام لوگوں کے دیکھنے کے لیے رکھی جائے گی۔

ورلڈ کپ کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 15، 16 اور 17 اپریل کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہو گا۔

چیئرمین پی سی بی نے 18 کھلاڑی انگلینڈ بھجوانے کی منظوری دے دی ہے۔ قومی سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کے جسمانی ٹیسٹ کی خود نگرانی کرے گی جبکہ مزید 7 کھلاڑیوں کو بھی فٹنس ٹیسٹ کے لیے طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ورلڈ کپ 2019 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر چکی ہے۔ جس کے تحت یہ ٹورنامنٹ مئی 30 سے 14 جولائی کے دوران انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کا پہلا میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان اوول کے میدان پر 30 مئی کو کھیلا جائے گا۔ جبکہ پاکستان اپنی مہم کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف31 مئی کو ٹرینٹ برج سے کرے گا۔

کرکٹ کی دنیا کے روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ سٹیڈیم میں طے ہے۔

XS
SM
MD
LG