رسائی کے لنکس

صدر زرداری کا دورہ ترکی، سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے


پیرس میں فرانس اور پاکستان کے صدور کی ملاقات
پیرس میں فرانس اور پاکستان کے صدور کی ملاقات

ترکی روانگی سے قبل پیر س میں صدر زرداری نے اپنے فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات میں توانائی، تجارت اور معیشت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کے علاوہ خطے میں بالخصوص افغانستان کے حوالے سے سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری ترکی کے تین روزہ سرکاری دورے پر منگل کو انقرہ پہنچ رہے ہیں۔

اس دورے میں صدر زرداری ترک قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دیتے پر بات چیت کے علاوہ سہ فریقی سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

ساتویں افغانستان، پاکستان، ترکی سہ فریقی اجلاس میں صدر زرداری کے علاوہ افغان صدر حامد کرزئی اور ترک صدر عبداللہ گل بھی شرکت کر رہے ہیں۔

انقرہ میں ہونے والے اس اجلاس میں افغانستان اور خطے میں امن و استحکام پر اعلیٰ سطحی سیاسی مشاورت، سلامتی کے شعبے میں تعاون اور ترقی کے عمل میں اشتراک بارے جامع پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

انقرہ پہنچنے سے قبل منگل کو پیرس میں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے اپنے فرانسیسی ہم منصب فرانسوا اولاندے سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں صدور نے توانائی، تجارت اور معیشت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کے علاوہ خطے میں بالخصوص افغانستان کے حوالے سے سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
XS
SM
MD
LG