مختلف تنازعات اور اسکینڈلز کی وجہ سے موضوع بحث رہنے والی پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے ایک بیٹے کو جنم دیا ہے۔
ٹوئٹر پر بیٹے کی ماں بننے کی خوشخبری سناتے ہوئے انھوں نے اس کی تصویر بھی جاری کی اور بتایا کہ بچے کا نام ابرام خان رکھا گیا ہے۔
وینا ملک اور اسد خٹک گزشتہ سال 25 دسمبر کو دبئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور وہ ان دنوں میں امریکہ میں ہیں۔
بچے کی پیدائش امریکی ریاست ورجینیا کے ایک اسپتال میں ہوئی جہاں زچہ و بچہ کی صحت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے اور جلد ہی دونوں کو اسپتال سےفارغ کر دیا جائے گا۔
وینا ملک نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز پاکستان فلم انڈسٹری سے کیا لیکن بعد ازاں بھارت جا کر وہاں نہ صرف مختلف فلموں میں کام کیا بلکہ رئیلٹی شو "بگ باس" میں بھی شریک ہوئیں۔
بھارت میں اپنے بے باکانہ انداز اداکاری اور مختلف میگزینز کے لیے فوٹو شوٹ کی وجہ سے ان پر پاکستان میں خاصی تنقید ہوتی رہی اور بظاہر اسی وجہ سے وہ تقریباً چار سال تک پاکستان سے باہر رہی رہیں۔
اپنی شادی کے بعد رواں سال اپریل میں وہ وطن واپس آئی تھیں۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں مبینہ طور پر مقدس شخصیات کی توہین پر، اس پروگرام کی میزبان اور شرکا پر ملک کے مختلف حلقوں خصوصاً مذہبی جماعتوں کی طرف سے خاصی تنقید ہوئی اور پروگرام سے جڑے تمام لوگوں پر مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج کیے گئے۔
اس پروگرام میں وینا ملک اور ان کے شوہر اسد خٹک بھی شریک تھے۔