نیویارک میں ایک پاکستانی امریکی کا تنہائی میں انتقال ہوگیا۔ کئی دن بعد محلے داروں کے اطلاع دینے پر پولیس اپارٹمنٹ میں داخل ہوئی تو موت کا علم ہوا۔
68 سالہ فارماسسٹ ندیم نعمان نیویارک کے علاقے برونکس کے رہائشی تھے۔
الریان فیونرل سروس کے ڈائریکٹر محمد امتیاز کے مطابق، ان کا تعلق کراچی سے تھا اور وہ ایک فارمیسی کے سی اِی او تھے۔ پولیس کے مطابق، بظاہر ان کی موت حرکت قلب بند ہونے کے باعث ہوئی۔
اکنا ریلیف کے ڈائریکٹر شاہد فاروقی نے بتایا کہ ندیم نعمان کی میت دس دن تک اپارٹمنٹ میں پڑی رہی۔ بو پھیلنے پر کسی محلے دار نے 911 پر فون کرکے پولیس کو مطلع کیا۔
شاہد فاروقی نے بتایا کہ پاکستان قونصل خانے کے ڈپٹی قونصل جنرل نعیم چیمہ، الریان فیونرل اور اکنا ریلیف میت کو پاکستان بھجوانے کا بندوبست کر رہے ہیں۔ اس بات کا امکان ہے کہ اسے پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی بھیجا جائے۔ میت کی حالت کی وجہ سے انتظامات جلد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ندیم نعمان کے چھوٹے بھائی رضا احمد نے کراچی سے ٹیلی فون پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مرحوم نے کراچی یونیورسٹی سے بی فارمیسی کی اور 1979 میں امریکہ منتقل ہوگئے تھے۔ کچھ عرصہ قبل ان کی اہلیہ کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد سے وہ تنہا تھے۔ کئی دن سے ان کی خیریت نہ ملنے پر ان کی بہن نے نیویارک میں کسی سے رابطہ کیا اور اپنے بھائی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی درخواست کی۔ اس کے بعد ان کی موت کا علم ہوا۔